دہلی میں صدر راج نافذ ہو۔ حکمراں ممبر اسمبلی شعیب اقبال کا مطالبہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-04-2021
بغاوت کا اعلان
بغاوت کا اعلان

 

 

نئی دہلی ۔ ملک کی راجدھانی دہلی میں کورونا کے حالات کس حد تک نازک ہوچکے ہیں ،اس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے ہی ممبراسمبلی سینئر رکن اسمبلی شعیب اقبال نے اپنی ہی حکومت کے خلاف پرچم بلند کر دیا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے زور دیا ہے کہ دہلی میں ’صدر راج‘ لگایا جائے۔ شعیب اقبال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے جو دہلی میں حالات ہیں اور حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی ہے ایسے میں دہلی میں فورا صدر راج نافذ کیا جائے۔

شعیب اقبال کے مطالبہ کا سیدھا مطلب ہے اپنی کیجریوال کی قیادت والی حکومت کی برطرفی۔ پرانی دہلی کے علاقہ مٹیا محل سے رکن اسمبلی شعیب اقبال نے اپنا درد بیان کرتےہوئے کہا کہ ان کا دوست اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے لیکن وہ دواؤ ں کا انتظام نہیں کر پا رہے۔ ان سے اپنی دوست کی بچیوں کو تڑپتے ہوئے نہیں دیکھا جا رہا ۔ شعیب اقبال نے کہا کہ وہ موجودہ دہلی اسمبلی میں سب سے سینئر رکن اسمبلی ہیں لیکن آج انہیں اس بات پر فخر نہیں ہورہا بلکہ بےعزتی محسوس ہو رہی ہے۔ شعیب اقبال نے اپنی حکومت کو کٹگھرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت کہیں نظر نہیں آرہی ، کہیں کوئی نوڈل افسر نہیں ہے اور حالات اتنے خراب ہو رہے ہیں کہ اگر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تو دہلی میں سب طرف لاشیں ہی لاشیں نظر آئیں گی۔