صدر مرمو نے ویٹیکن میں پوپ کو خراج عقیدت پیش کیا

Story by  محفوظ عالم | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-04-2025
صدر مرمو نے ویٹیکن میں پوپ کو خراج عقیدت پیش کیا
صدر مرمو نے ویٹیکن میں پوپ کو خراج عقیدت پیش کیا

 



آوازدی وائس
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کیتھولک عیسائی مذہبی رہنما پوپ فرانسس کے جنازے میں شرکت کے لیے ویٹی کن سٹی پہنچ چکی ہیں۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں پوپ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر صدر کے ہمراہ اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو، مملکتی وزیر جارج کوریئن، اور گوا اسمبلی کے نائب صدر جوشوا ڈی سوزا بھی موجود تھے۔
صدر کی اس دورے کے بارے میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ صدر مرمو نے ویٹی کن سٹی میں سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں مقدس پوپ فرانسس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آج ہوگا پوپ فرانسس کا آخری سفر
تعزیتی تقریب کے بعد پوپ فرانسس کے تابوت کو کارڈینل کیوین فیریل کی سربراہی میں منعقدہ تقریب کے دوران سیل کر دیا گیا۔ ان کے چہرے کو ان کے دیرینہ تقریب منظم کرنے والے، آرچ بشپ ڈییگو راویلی نے ڈھانپ دیا۔ اس موقع پر کارڈینل فیریل نے ان کے جسد پر پانی چھڑکا۔ پوپ کی آخری رسومات آج یعنی 26 اپریل کو ادا کی جائیں گی۔ اس موقع پر دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
دنیا کے سرکردہ رہنما ہوں گے جنازے میں شریک
پوپ کے جنازے میں امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا، فرانسیسی صدر میکرون، جرمن صدر فرانک اور سابق چانسلر اولاف شولز، روس کی ثقافتی وزیر اولگا لیوبیمووا، اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور ان کی اہلیہ اولینا زیلنسکا سمیت دنیا بھر کے اہم رہنما شرکت کریں گے۔ پوپ فرانسس کافی عرصے سے علیل تھے۔ انہیں حال ہی میں نمونیا کی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں سے صحتیابی کے بعد چھٹی مل گئی تھی، لیکن تقریباً ایک ماہ بعد ان کا انتقال ہو گیا۔