آریان کو گرفتار کرنے والے سمیروانکھیڑے کی چنئی میں پوسٹنگ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 31-05-2022
آریان کو گرفتار کرنے والے سمیروانکھیڑے کی چنئی میں پوسٹنگ
آریان کو گرفتار کرنے والے سمیروانکھیڑے کی چنئی میں پوسٹنگ

 

 

ممبئی: بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کورڈیلیا کروز ڈرگز کیس میں کلین چٹ ملتے ہی گرفتار کرنے والے افسر سمیر وانکھیڑے پر سخت ایکشن ہوا ہے۔

انہیں دہلی سے چنئی منتقل کر دیا گیا ہے۔ وہ وہاں ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس میں تعینات ہوں گے۔ کبھی سپر کاپ کہلائے جانے والے سمیر وانکھیڑے کی یہ پوسٹنگ بے معنی سمجھی جا رہی ہے۔ ان جیسے افسران کے لیے یہ سزا کی پوسٹنگ ہے۔

آریان خان کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے جمعہ کو اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں آریان کو کلین چٹ دی گئی ہے۔

ایجنسی کی تقریباً 6 ہزار صفحات کی چارج شیٹ میں 14 ملزمان کے نام ہیں۔ ملزموں میں 23 سالہ آریان کا نام شامل نہیں ہے۔ وہ گرفتار کیے گئے 20 افراد میں سے ایک تھا۔

آریان خان سمیت 6 افراد چارج شیٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ یعنی این سی بی نے آرین کو کلین چٹ دے دی ہے۔ این سی بی نے آریان کو گزشتہ سال اکتوبر میں ممبئی کے قریب ایک کروز سے گرفتار کیا تھا۔

ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ معاملے کی تفتیش ابھی جاری تھی۔ تاہم آرین کو کلین چٹ ملنے کے بعد یہ بحث شروع ہوئی کہ حکومت نے این سی بی کے سابق افسر سمیر وانکھیڑے کے خلاف کاروائی کا حکم دیا ہے۔

وانکھیڑے کے خلاف بھی جعلی کاسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر انکوائری شروع کی جا رہی ہے۔ وانکھیڑے ایک انڈین ریونیو سروس آفیسر ہے۔ آرین کیس کے وقت وہ ممبئی میں این سی بی کے ریجنل ڈائریکٹر تھے۔ انھوں نے ابتدائی تفتیش کے بعد آریان کو گرفتار کیا تھا۔

بعد میں جب معاملہ نے زور پکڑا تو انھیں دہلی ہیڈ کوارٹر بھیج دیا گیا۔ این سی بی نے اس معاملے میں آریان خان کو گزشتہ سال 3 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔ 26 اکتوبر کو انہیں بمبئی ہائی کورٹ نے ضمانت دی تھی۔ انہیں 30 اکتوبر کو آرتھر روڈ جیل سے ایک جدوجہد کے بعد رہا کیا گیا۔

ایڈوکیٹ اجول نکم نے کہا کہ آرین کو مشہور شخصیت ہونے کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ عدلیہ ایک آزاد نظام ہے لیکن این سی بی کے کچھ افسران نے اسے اپنے ہاتھ میں لینے کی جسارت کی ہے۔