بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی کے پیچھے سیاسی مقاصد: جماعت اسلامی ہند

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2022
بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی کے پیچھے سیاسی مقاصد: جماعت اسلامی ہند
بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی کے پیچھے سیاسی مقاصد: جماعت اسلامی ہند

 

 

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند نے ہفتہ کے روز بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی کے پیچھے سیاسی مقاصد کا الزام لگایا۔ جے آئی ایچ کے نائب صدر انجینئر سلیم نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور اس کے خاندان کے سات افراد کے قتل میں عمر قید کی سزا پانے والوں کی رہائی کو یقینی بنانے میں گجرات حکومت کا کردار قابل مذمت ہے۔

"ایسے فیصلے جن کا مقصد کسی مخصوص حلقے کو خوش کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہو، انتہائی قابل اعتراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند اس فیصلے کی مذمت کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ عدالت عظمیٰ حکومتی پالیسی کی آڑ میں کی گئی اس سنگین ناانصافی کو واپس لینے کے لیے اس معاملے میں مداخلت کرے گی۔

انہوں نے کہا، معمولی جرائم میں بند افراد کو رہا کرنے کی پالیسی اپنانی چاہئے، نہ کہ عصمت دری اور قتل جیسے گھناؤنے جرائم کرنے والوں کے لیے۔ اگر ریاستی حکومتوں کو عصمت دری اور قتل جیسے جرائم میں سزا یافتہ ہونے کے باوجود چھوٹ کی پالیسی کے ذریعے اپنی پسند کے مجرموں کو رہا کرنے کی اجازت دی جائے تو یہ ہماری عدلیہ کا مذاق ہوگا اور شہری ، قانون کی بالادستی کی امید کھودیں گے۔

سلیم نے کہا، "یہ مجرموں اور ان کے ماسٹر مائنڈز کی حوصلہ افزائی کرنے جیسا ہےکیونکہ وہ جلد یا بدیر گھناؤنے جرم کرنے کے باوجود نظام کے ذریعے ضمانت پرچھوٹ جائیں گے۔ ان مجرموں کو جس طرح سے نوازا جا رہا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے مجرموں کی رہائی کے فیصلے کو واپس لینے کے لیے صدر جمہوریہ سے مداخلت کی درخواست کی ہے تاکہ انصاف اور نظام حکومت کو غیر موثر ہونے سے بچایا جاسکے۔