پولیس افسران کو ریمپ پر واک کرنے پر سزا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2022
پولیس افسران کو ریمپ پر واک کرنے پر سزا
پولیس افسران کو ریمپ پر واک کرنے پر سزا

 

 

پانچ پولیس اہلکار جن میں ایک اعلیٰ افسر بھی شامل ہیں، ایک مقابلہ حسن میں حصہ لینے اور ریمپ پر واک کرنے کے بعد کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ جنوبی ہند کی ریاست تمل ناڈو میں پیش آیا جہاں ناگاپٹنم کے سپرنٹینڈنٹ آف پولیس نے ان پولیس افسروں کے تبادلے کے احکامات جاری کر دیے تھے جنہیں ریمپ پر دیکھا گیا جب کہ حاضرین انہیں داد دینے میں مصروف تھے۔

ایک ویڈیو جو اسی واقعے کی دکھائی دیتی ہے، سوشل میڈپا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گذشتہ اتوار کو پانچ پولیس اہلکار، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں، پولیس افسر کی زندگی پر بنائی گئی بھارتی فلم کی دھن پر ریمپ پر واک کر رہے ہیں۔

تقریب کا اہتمام تمل ناڈو کے ضلع مائیلادھتورائی کے علاقے سمپانرکووِل میں نجی سطح پر کیا گیا تھا۔ مقابلہ حسن میں حصہ لینے والے پانچ پولیس افسروں کو وہاں ڈیوٹی دینے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ نیوز چینل ٹائمز ناؤ کے مطابق مقابلے کے شرکا نے پولیس افسروں کو مقابلے میں حصہ لینے کے لیے کہا اور بالآخر انہیں مجبور کر کے سٹیج پر لے گئے

ان پولیس افسران کے تبادلے احکامات جمعرات کو جاری کیے گئے تھے۔ بھارت میں پولیس کا تبادلہ انتظامی قدم کے طور پر کیا جاتا ہے جس میں کسی پولیس اہلکار کو ایک سے دوسرے مقام پر تبدیل کر دیا جاتا ہے لیکن فرائض میں غفلت برتنے کی صورت میں یہ تبادلہ سزا بھی ہوتی ہے۔