گروتیغ بہادرپرکاش پرو سے مودی کریں گے آج لال قلعہ سے خطاب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-04-2022
گروتیغ بہادرپرکاش پرو سے مودی کریں گے آج لال قلعہ سے خطاب
گروتیغ بہادرپرکاش پرو سے مودی کریں گے آج لال قلعہ سے خطاب

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

وزیراعظم نریندرمودی سری گرو تیغ بہادر کے 400 ویں پرکاش پرو پر آج لال قلعہ سے قوم سے خطاب کریں گے۔

شری گرو تیغ بہادر کے400 ویں پرکاش پرو پر لال قلعہ میں منعقدہ دو روزہ پروگرام کے دوسرے اور آخری دن، وزیر اعظم جمعرات کو تقریباً 9:15 بجے پروگرام میں شرکت کریں گے اور لوگوں سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم اجتماع سے خطاب کے ساتھ ایک یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کریں گے۔

یہ پروگرام حکومت ہند نے دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے تعاون سے منعقد کیا ہے۔ اس دو روزہ (20 اور 21 اپریل) کے پروگرام کے دوران، ملک کے مختلف حصوں سے راگی اور بچے 'شب کیرتن' میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر گرو تیغ بہادر جی کی زندگی کی عکاسی کرنے والا ایک عظیم الشان لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو بھی ہوگا۔ اس کے علاوہ سکھوں کے روایتی مارشل آرٹ ’گٹکا‘ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ یہ پروگرام سکھوں کے نویں گرو، گرو تیغ بہادر کی تعلیمات کو بیان کرنے پر مرکوز ہے۔

گرو تیغ بہادر جی نے دنیا کی تاریخ میں مذہب اور انسانی اقدار، نظریات اور اصولوں کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی۔ انہیں کشمیری پنڈتوں کی مذہبی آزادی کی حمایت کرنے پر مغل حکمران اورنگزیب کے حکم پر پھانسی دی گئی۔ ان کی برسی 24 نومبر کو ہر سال یوم شہادت کے طور پر منائی جاتی ہے۔ دہلی میں گرودوارہ سیس گنج صاحب اور گردوارہ رکاب گنج ان کی مقدس قربانی سے وابستہ ہیں۔ ان کی میراث اس قوم کے لیے یکجہتی کی ایک بڑی قوت ہے۔

بدھ کو لال قلعہ پر منعقدہ اس دو روزہ پروگرام کے پہلے دن وزیر داخلہ امت شاہ نے پروگرام میں شامل ہو کر سکھوں کے نویں گرو گرو تیغ بہادر جی کے سامنے سر جھکاتے ہوئے کہا کہ عظیم گرو کی قربانی کی وجہ سے سکھوں سے، ہندوستان ایک متحد ملک بن گیا، امرت مہوتسو ایک آزاد ملک کے طور پر آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کی یاد میں منایا جا رہا ہے۔