وزیر اعظم مودی کی پارلیمنٹ میں تقریر: مہاکمبھ کے کامیاب انعقاد پر اظہار تشکر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-03-2025
وزیر اعظم مودی کی پارلیمنٹ میں تقریر: مہاکمبھ کے کامیاب انعقاد پر اظہار تشکر
وزیر اعظم مودی کی پارلیمنٹ میں تقریر: مہاکمبھ کے کامیاب انعقاد پر اظہار تشکر

 



نئی دہلی: منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں مہاکمبھ کے کامیاب انعقاد پر خطاب کیا اور اس عظیم الشان تقریب میں تعاون دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، آج میں اس ایوان کے ذریعے ان تمام شہریوں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کی وجہ سے مہاکمبھ کا شاندار انعقاد ممکن ہوا۔ اس کامیابی میں کئی لوگوں کا تعاون شامل ہے... میں تمام محنتی افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں ملک بھر کے عقیدت مندوں، اتر پردیش اور خاص طور پر پریاگ راج کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ سال ایودھیا میں رام مندر کے پران پرتیشٹھا (پوجا و افتتاحی تقریب) نے ہم سب کو یہ احساس دلایا کہ ملک اگلے 1000 سالوں کے لیے کس طرح تیار ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال مہاکمبھ نے ہماری سوچ کو اور مضبوط کیا ہے، اور قوم کی اجتماعی شعور ہمیں ملک کی طاقت اور صلاحیتوں کا احساس دلاتا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، انسانی تاریخ میں کئی ایسے موڑ آتے ہیں جو نسلوں کو ایک نئی سمت فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مہاکمبھ کے دوران لوگوں نے سہولت یا عدم سہولت کی پرواہ کیے بغیر بھرپور شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا، نسل در نسل ہماری روایات اور ثقافتی اقدار آگے بڑھتی جا رہی ہیں۔ آج بھارت کا نوجوان فخر کے ساتھ اپنی روایات اور عقیدے کو اپنا رہا ہے۔ ایک قوم کے طور پر، ہم بڑے اہداف حاصل کرنے کا یقین رکھتے ہیں۔ اپنے ورثے سے جڑنے کی روایت آج کے بھارت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان نسل نے بھی پوری عقیدت کے ساتھ مہاکمبھ میں شرکت کی۔ انہوں نے ان لوگوں پر تنقید کی جو مہاکمبھ پر سوال اٹھا رہے تھے اور کہا کہ "مہاکمبھ پر شک کرنے والوں کو اس کے کامیاب انعقاد سے واضح جواب ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ملک کے ہر کونے میں روحانی بیداری پیدا ہوئی ہے۔ پوری دنیا نے بھارت کی وسعت اور اس کی اجتماعی طاقت کا مشاہدہ کیا ہے۔

مہاکمبھ حقیقت میں ‘سب کا پریاس’ (سب کی کوشش) کا حقیقی مظہر ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مہاکمبھ نے ہماری قومی بیداری کے ایک عظیم الشان نظارے کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ یہ ہمیں نئے عہد و پیمان باندھنے اور انہیں پورا کرنے کے لیے تحریک دیتا ہے۔ انہوں نے کہا، مہاکمبھ نے ان تمام شکوک و شبہات کو دور کر دیا ہے جو بھارت کی صلاحیتوں پر کیے جا رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاکمبھ سے کئی ‘امرت’ (برکتیں) حاصل ہوئی ہیں، جن میں سب سے اہم ‘اتحاد کا امرت’ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس تقریب میں ملک کے ہر کونے سے لوگ آئے، سب نے ‘میں’ (انفرادی سوچ) کو چھوڑ کر ‘ہم’ (اجتماعی جذبے) کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں سوامی وویکانند کے شکاگو میں دیے گئے تاریخی خطاب، مہاتما گاندھی کے داندی مارچ اور نتاجی سبھاش چندر بوس کے "دہلی چلو" نعرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،میں پریاگ راج مہاکمبھ کو بھی ایک ایسے ہی تاریخی موڑ کے طور پر دیکھتا ہوں، جس میں جاگرت (بیدار) بھارت کا حقیقی عکس نظر آیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر میں مہاکمبھ کو بھارت کی ثقافتی، روحانی اور اجتماعی طاقت کی علامت قرار دیا اور کہا کہ یہ تاریخی تقریب بھارت کے مستقبل کے لیے نئی امیدوں اور عزم کی راہ ہموار کرتی ہے۔