مودی کرناٹک میں، کل یوگا ڈے میں کریں گے شریک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 20-06-2022
مودی کرناٹک میں، کل یوگا ڈے میں کریں گے شریک
مودی کرناٹک میں، کل یوگا ڈے میں کریں گے شریک

 

 

آواز دی وائس،بنگلورو

وزیر اعظم نریندر مودی کرناٹک کے دو روزہ دورے پر پیر کو بنگلورو شہر پہنچے۔ مودی کا یلہنکا ایئر فورس اسٹیشن پہنچنے پر گورنر تھاور چند گہلوت اور وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے استقبال کیا۔ اس دوران سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا بھی موجود تھے۔

   کرناٹک کی ثقافتی راجدھانی کہلانے والے میسور میں 21 جون کو منعقد ہونے والے بین الاقوامی یوگا دن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج کرناٹک کے اپنے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ بنگلور میں منعقدہ پروگراموں میں شرکت کے بعد شام کو میسور پہنچے۔

اس مرتبہ میسور پیلس میں ہی بین الاقوامی یوگا ڈے کا ایک عظیم الشان پروگرام منعقد کیا جانا ہے جس میں وزیر اعظم شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر دہلی کے پرانا قلعہ میں یوگا کرتے نظر آئیں گے۔ جب کہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن ترواننتا پورم کے سری پدمنابھاسوامی مندر سے یوگا کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

 اسی وقت امور خارجہ کے وزیر مملکت میناکشی لیکھی اور ڈاکٹر راج کمار رنجن سنگھ بالترتیب وویکانند راک میموریل کنیا کماری اور لوک ٹک جھیل بشنو پور، منی پور سے یوگا ڈے کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے موقع پر ملک "آزادی کا امرت مہوتسو" منا رہا ہے۔ اس طرح اس بار مودی حکومت کے 75 وزراء بین الاقوامی یوگا ڈے پر ملک کے 75 تاریخی ورثے والے مقامات سے یوگا کرتے نظر آنے والے ہیں۔

 چونکہ کووڈ کے دوران یوگا سب کو اکٹھا کرنے اور پوری دنیا میں اتحاد کے احساس کو فروغ دینے میں کامیاب رہا ہے۔ اس لیے بین الاقوامی یوگا ڈے کا آٹھواں ایڈیشن "یوگا فار ہیومینٹی" کے تھیم پر منایا جائے گا۔ میسور میں مرکزی تقریب کے علاوہ وزارت خارجہ 'دی گارڈین رنگ' کے نام سے ایک منفرد تقریب کا انعقاد کر رہی ہے۔ جس کا مقصد ہندوستان کے 'واسودھیو کٹمبکم' کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے۔

 گارڈین رنگ پروگرام "ایک سورج، ایک زمین" کے تصور کو اجاگر کرے گا۔ بین الاقوامی یوگا ڈے کے دن مشرق سے مغرب تک سبھی یوگا کے ساتھ سورج کا استقبال کریں گے، ہندوستانی روایت کو جوش و خروش کے ساتھ منائیں گے۔
اس طرح بیرون ملک ہندوستانی مشن ہر سال یوگا کے عالمی دن کے موقع پر یوگا سے متعلق سرگرمیوں کا اہتمام کرتے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ 'گارڈین رنگ' کے ذریعے لائیو اسٹریمنگ کی جائے گی۔

 21 جون کو 80 سے زیادہ ہندوستانی مشن اور سفارت خانے اپنے دائرہ اختیار کے ممالک میں بڑے پیمانے پر یوگا پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔