پاکستان: حافظ سعید کے گھر کے باہر دھماکہ چار مجرموں کو سزائے موت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-01-2022
پاکستان: حافظ سعید کے گھر کے باہر دھماکہ چار مجرموں کو سزائے موت
پاکستان: حافظ سعید کے گھر کے باہر دھماکہ چار مجرموں کو سزائے موت

 

 

 لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی رہائش گاہ کے باہر دھماکے کے مجرمان کو سزائے موت سنا دی ہے۔

بدھ کو عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان پیٹر پال، عید گل خان، ضیا اللہ اور سجاد کو نو نو بار سزائے موت دینے کا حکم جاری کیا۔خیال رہے کہ گذشتہ برس لاہور میں جوہر ٹاؤن کے علاقے میں حافظ سعید کی رہائش گاہ کے باہر بم دھماکہ ہوا تھا، جس میں تین افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے درج کیا تھا۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے حتمی دلائل کے بعد فیصلہ سنایا۔۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے فیصلہ گذشتہ سماعت پر محفوظ کیا تھا۔ملزمان کے وکیل نے کیس پر اپنی بحث مکمل کی جبکہ پراسیکیوٹر عبدالرؤف وٹو نے ملزمان کے خلاف شواہد پیش کیے۔پراسیکیوشن کے 56 گواہان نے ملزمان کے خلاف شہادتیں قلمبند کروائیں۔ پراسیکیوشن نے اپنے حتمی دلائل میں کہا کہ ’فرانزک شواہد اور گواہان کے بیانات سے ملزمان کا جرم ثابت ہوتا ہے لہٰذا ملزمان کو سزائے موت دی جائے۔پراسیکیوشن سے پہلے سی ٹی ڈی نے بھی اپنی تفتیش میں ملزمان کو جوہر ٹاؤن دھماکہ کیس میں قصور وار قرار دے رکھا تھا۔