نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہشت گرد ٹھکانوں پر ایئر اسٹرائیک کے بعد پاکستان بوکھلا گیا ہے۔ ہندوستان کی فضائی کارروائی کے بعد پاکستانی فوج نے ایل او سی سے ملحقہ علاقوں میں رات دیر گئے شدید فائرنگ کی ہے۔ اس فائرنگ میں اب تک 7 عام شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حملے میں کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوج نے تنگدھار گاؤں کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان گزشتہ 12 دنوں سے ایل او سی پر لگاتار سیزفائر کی خلاف ورزی کر رہا تھا، جس کا ہندوستان نے ہر بار بھرپور جواب دیا۔ ایل او سی پر ہندوستانی فوج پاکستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ جموں و کشمیر کے پونچھ میں پاکستان کی جانب سے لگاتار گولہ باری جاری ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستانی فوج نے بدھ کی صبح کو پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے ) میں قائم دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ اس کارروائی میں لشکرِ طیبہ اور جیشِ محمد جیسے دہشت گرد تنظیموں کے اڈے بھی مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں۔