نئی دہلی/ آواز دی وائس
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم ) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ایک بار پھر پاکستان اور بنگلہ دیش کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایک پروگرام کے دوران انہوں نے کہا کہ پہلگام میں جو کچھ ہوا وہ نہایت تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کو "ناکام ملک" قرار دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے لگاتار آ رہے بیانات پر بھی انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دیا کہ "تمہیں جو ملک ملا ہے، وہ ہماری وجہ سے ملا ہے۔
پاکستان پر سخت تنقید
اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا کہ پہلگام میں جو ہوا ہے وہ انتہائی دردناک ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ کوئی بھی باہر سے آکر ہمارے لوگوں کی جان نہیں لے سکتا۔ ہم کئی برسوں سے دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان سے لوگ آ کر ہمارے یہاں لوگوں کی جان لے لیتے ہیں۔ ہم نریندر مودی جی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان پر کارروائی کریں۔ ہمیں امید ہے کہ سخت قدم اٹھائے جائیں گے، تاکہ پاکستان دوبارہ ایسی حرکت نہ کرے۔ ہم عاصم منیر کو کہنا چاہتے ہیں کہ سنہ 1947 میں ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ بھارت ہماری سرزمین تھی، ہے اور رہے گی۔
پاکستان ناکام ریاست ہے
اویسی نے مزید کہا کہ جو لوگ پاکستان میں بکواس کر رہے ہیں، میں ان سے کہنا چاہوں گا کہ تم اسلام کو نہیں جانتے۔ تم ایسے ملک میں ہو جہاں غربت سے لوگ پریشان ہیں۔ تمہارا افغانستان سے جھگڑا ہے، ایران سے جھگڑا ہے، پاکستان ایک ناکام ریاست ہے۔ یاد رکھو کہ یہ طاقتیں بھارت کو کبھی چین سے نہیں رہنے دیں گی۔ آج ہمیں متحد ہو کر پاکستان کو جواب دینا ہوگا تاکہ دہشت گردی کا زہر ختم ہو سکے۔
تمہیں جو ملک ملا ہے، وہ ہماری وجہ سے ملا ہے
پاکستان کے ساتھ ساتھ اویسی نے بنگلہ دیش پر بھی نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ایک صاحب کچھ بے تُکی باتیں کر رہے ہیں۔ میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ تمہیں جو ملک ملا ہے، وہ ہماری وجہ سے ملا ہے۔ تم چاہے جتنی بھی میزائل ٹیسٹ کر لو، بھارت تم سے ہمیشہ طاقتور رہے گا۔ اور جو لوگ بھارت میں ہندو-مسلمان کر رہے ہیں، میں ان سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ آپ بھارت کو کمزور کر رہے ہو۔