جے این یو میں باہر کے لوگوں نے پھیلایا تشدد: وائس چانسلر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-04-2022
جے این یو میں باہر کے لوگوں نے پھیلایا تشدد: وائس چانسلر
جے این یو میں باہر کے لوگوں نے پھیلایا تشدد: وائس چانسلر

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 اتوار کو جے این یو کے کاویری ہاسٹل میں طلباء کے دو گروپوں کے درمیان گرما گرم بحث اور پھر لڑائی کے بعد ہاتھا پائی ہوئی۔ تشدد کے اس واقعہ میں جے این یو کے 15 طلبہ زخمی ہوئے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد یونیورسٹی کی وائس چانسلر سانتی شری پنڈت کا کہنا ہے کہ تشدد کو انجام دینے والے لوگ یونیورسٹی سے باہر کے تھے۔انہوں نے بتایا کہ باہر سے آنے والے لوگ یونیورسٹی میں تشدد پھیلاتے ہیں۔

خیال رہے کہ جواہر لال نہرویونیورسٹی میں رام نومی کے دن سبزی خوراورنان ویجیٹیرین کھانے پر جھگڑا ہوا تھا۔ طلباء کا ایک گروپ ہاسٹل کے مینو میں نان ویجیٹیرین کھانا پیش کرنے کے حق میں تھا۔ جب کہ دوسرا گروپ چاہتا تھا کہ رام نومی کے موقع پر صرف ویجیٹیرین کھانا ہی پیش کیا جائے۔اسی بات پر دونوں گروپ کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

 جے این یو کی وی سی سانتی شری پنڈت نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام طلبہ اپنی پسند کا کھانا کھا سکتے ہیں۔ کسی بھی قسم کے کھانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ طلباء کو کھانے پینے، لباس پہننے اور اظہار خیال کی مکمل آزادی ہے۔

تاہم تشدد کے واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ کیمپس میں کسی بھی قسم کا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے طلباء سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔

جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے وی سی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں 95 فیصد سے زیادہ طلباء پرامن طریقے سے زندگی گزار رہے ہیں۔ فیکلٹی بھی سپورٹ کرتی ہے۔ وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ جے این یو کی رینکنگ ملک میں سب سے بہتر ہے۔ ملک کی کوئی اور یونیورسٹی جے این یو جیسی رینکنگ حاصل نہیں کر پائی ہے۔

  وائس چانسلر نے دعویٰ کیا ہے کہ تشدد کو مزید پھیلنے نہیں دیا گیا۔ اتوار سے یونیورسٹی میں پرامن ماحول ہے۔

وائس چانسلر کے مطابق تمام گروپوں اور طلباء کے تمام گروپس کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ تشدد کسی چیز کا حل نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طلبہ بھی اس بات کو سمجھ چکے ہیں۔ اس تشدد کے بعد جواہر لعل نہرو یونیورسٹی انتظامیہ نے طلباء کو خبردار کیا ہے کہ وہ کیمپس میں امن اور ہم آہنگی کو خراب کرنے والے کسی بھی واقعے میں ملوث نہ ہوں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر طالب علم ایسی حرکتوں میں ملوث پایا گیا تو یونیورسٹی کے قوانین کے مطابق ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ جے این یو کے وائس چانسلر نے کہا ہے کہ وارڈن کو کسی بھی تنازع سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ سیکورٹی اہلکاروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے چوکس رہیں اور فوری طور پر جے این یو انتظامیہ کو رپورٹ پیش کریں۔

مرکزی وزارت تعلیم نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں تشدد کے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ مرکزی وزارت تعلیم نے جے این یو سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل رپورٹ تیار کر کے وزارت کو پیش کرے۔