ہماری سائنسی طاقت ملک کی ترقی میں معاون: مودی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-01-2023
ہماری سائنسی طاقت ملک کی ترقی میں معاون: مودی
ہماری سائنسی طاقت ملک کی ترقی میں معاون: مودی

 

 

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو جدید سائنس کی دنیا کی سب سے جدید تجربہ گاہ بنانے کے عزم کے ساتھ منگل کو انڈین سائنس کانگریس کا افتتاح کیا۔

 مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مہاراشٹر میں راشٹرسنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی (آرٹی ایم این یو) کے امراوتی روڈ کیمپس میں منعقدہ سائنس کانگریس کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا، "ہندوستان 25 برسوں میں جس بلندیوں پر ہوگا اس میں ہندوستانی سائنس دانوں کا اہم کردار ہوگا۔ میرا یقین ہے کہ ہندوستان کا سائنسی معاشرہ ملک کو ان بلندیوں تک لے جائے گا جس کا وہ حقدار ہے۔

ہندوستان میں ڈیٹا اور ٹیکنالوجی وافر مقدار میں موجود ہے۔ ہمارے سائنسدانوں میں ان دونوں شعبوں میں ہندوستان کو مزید بلندیوں تک لے جانے کی صلاحیت ہے۔

روایتی علم ہو یا جدید ٹیکنالوجی، دونوں ہی سائنسی تحقیق میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ہمیں اپنے سائنسی عمل کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تحقیقاتی رویہ پیدا کرنا ہوگا۔

مسٹرمودی نے کہا، "ہندوستان جس نقطہ نظر کے ساتھ آج آگے بڑھ رہا ہے، اس کے نتائج ہم دیکھ رہے ہیں۔ سائنس کے میدان میں ہندوستان تیزی سے دنیا کے سرفہرست ممالک میں شامل ہورہا ہے۔ سال 2020 میں، ہم گلوبل انوویشن انڈیکس میں 40ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ہندوستان پی ایچ ڈی کے لحاظ سے دنیا کے تین سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔ آج ہندوستان اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے معاملے میں دنیا کے سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔

ہم سائنس کے ذریعہ نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں، بلکہ خواتین کی شرکت کے ذریعہ سائنس کو بھی بااختیار بنانے کا ہدف رکھتے ہیں۔ ہر شعبے میں خواتین کی شرکت بڑھ رہی ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرہ آگے بڑھ رہا ہے۔