آن لائن خلیج اردو کانفرنس 5 اور 6 فروری کو

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-02-2021
بزم صدف انٹرنیشنل
بزم صدف انٹرنیشنل

 

بزم صدف انٹرنیشنل کویت شاخ نے دو روزہ ’آن لائن خلیج اردو کانفرنس‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے- یہ کانفرنس پانچ اور چھ فروری کو ہوگی۔ کورونا کی وجہ سے اس کانفرنس کو ان لائن منعقد کیا جا رہا ہے- یہ اطلاع کویت شاخ کے صدر اور مشہور شاعر مسعود حساس نے دی ۔

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں خلیجی ممالک میں مقیم سو سے زائد دانشور،شعرا و ادبا شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد خلیجی ممالک میں مقیم برصغیر کے تارکین وطن کی اردو زبان و ادب کی ترقی کے لئے کی جانے والی خدمات کی ستائش اوران کی علمی وادبی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ جب کہ اس کانفرنس سے خلیجی ممالک کے شرکا کو باہمی ثقافتی تبادلے اور ایک دوسرے کو جاننے اور سمجھنے سیکھنے کے بھی مواقع میسر آئیں گے۔ بزم صدف انٹرنیشنل کے چیرمین شہاب الدین احمد نے مزید کہا کہ بزم صدف انٹر نیشنل نے کورونا کے پیش نظرعائد شدہ سفری پابندیوں کے باعث کانفرنس آن لائن طور پرمنعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خلیجی خطے میں درجنوں علمی و ادبی تنظیمیں فروغ اردو دب کے لیے سرگرم عمل ہیں جن کو بزم صدف انٹرنیشنل کی بھر پور معاونت حاصل ہے۔ کانفرنس کے انعقاد سے ہندوستان اور پاکستان کے روایتی مراکز میں مقیم اردو دنیا کے لوگ ان قلم کاروں کے بارے میں جان سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کانفرنس دنیا بھر کے اردو داں طبقے کے لئے فیس بک پر براہ راست (لائیو)نشر کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وباکے خاتمے کے بعد دوحہ میں بھی اسی طرح کے پروگراموں کاحسبِ سابق انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بزم صدف انٹر نیشنل کا پندرہ سے زائد ممالک جن میں خلیجی ممالک اور برصغیر کے علاوہ یورپ، شمالی امریکہ، آسٹریلیا بھی شامل ہیں،فروغ علم و ادب کے لیے کوشاں ہے جب کہ حال ہی میں اردو ادب کی خواتین ادیبوں کے لئے ”بین الاقوامی خواتین ادبی فورم“ شروع کیا گیا ہے۔ بزم صدف انٹر نیشنل کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے اس دو روزہ کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ پہلے دن خلیج کے ملکوں میں اردو کی ادبی صورت حال سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں قطر، کویت، بحرین، دوبئی،عمان اور سعودی عرب سے منتخب ادبا،شعرا اور ادبی تنظیموں کے سربراہوں کو اظہارِ خیال کی زحمت دی جائے گی۔ چھ فروری کو خلیج کی سطح پر ایک نمائندہ عالمی مشاعرے کے انعقاد ہوگا جس میں ان ملکوں سے تین درجن سے زائد شعرا شرکت کریں گے۔