گوا میں بھی اومی کرون کی دستک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-12-2021
گوا میں بھی اومی کرون کی دستک
گوا میں بھی اومی کرون کی دستک

 

 

گوا : گوا میں اومی کرون کے 5 مشتبہ کیسز پائے گئے ہیں جو کہ کورونا کا ایک نیا ورژن ہے۔ یہ سبھی ایک تجارتی جہاز سے گوا آئے ہیں۔ انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر صحت وشواجیت رانے نے کہا کہ میں گوا کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایک جہاز کے عملے کے 5 ارکان کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ انہیں اومی کرون وائرس ہونے کے شبہ کی بنیاد پر الگ تھلگ کیا گیا ہے۔

ان کے نمونے جینوم کی ترتیب کے لیے پونے بھیجے گئے ہیں۔ رپورٹ کا انتظار ہے۔ لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے سب احتیاط کریں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اب تک ملک میں نئے ویریئنٹ کے 24 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کرناٹک، مہاراشٹر، راجستھان، دہلی اور گجرات میں اومیکرون سے متاثرہ لوگ پائے گئے ہیں۔

بیرون ملک سے تھانے واپس آنے والے 109 افراد لاپتہ

مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ نے بھی دستک دی ہے۔ دریں اثنا، غیر ملکی سفر سے تھانے واپس آنے والے 295 افراد میں سے 109 لاپتہ ہیں۔ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے سربراہ وجے سوریاونشی نے کہا کہ ان لوگوں میں سے کچھ کے موبائل فون بند ہیں، جب کہ کچھ ان کے پتہ پر نہیں ملے۔ گائیڈ لائن کے مطابق 'خطرے میں' ممالک سے آنے والوں کو 7 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا اور 8ویں دن ان کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔

مہاراشٹرا میں پیر کو اومی کرون کے دو اور کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جو کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ہے۔ ریاست میں اب کیسز کی کل تعداد 10 ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں اس کے کیسز کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے کہا کہ اس کیس کی تصدیق ریاست کے ایک 37 سالہ شخص میں ہوئی ہے۔ وہ 25 نومبر کو جنوبی افریقہ سے واپس آئے تھے۔

 دوسرے کیس کی تصدیق امریکا سے واپس آنے والی 36 سالہ خاتون میں ہوئی ہے۔ یہ دونوں دوست بتائے جا رہے ہیں۔ تاہم دونوں میں کسی قسم کی کوئی علامت نہیں پائی گئی۔ فائزر کی ویکسین لگنے کے بعد بھی دونوں متاثر پائے گئے ہیں۔ دونوں ممبئی کے 7 ہلز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے رابطے میں آنے والے لوگوں کی بھی شناخت کر لی گئی ہے۔