منگل سوتر نہ پہننا شوہر کے لیے ذہنی ظلم کے مترادف:ہائی کورٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2022
منگل سوتر نہ پہننا شوہر کے لیے ذہنی ظلم کے مترادف:ہائی کورٹ
منگل سوتر نہ پہننا شوہر کے لیے ذہنی ظلم کے مترادف:ہائی کورٹ

 

 

چنئی: مدراس ہائی کورٹ نے طلاق کیس کی سماعت کے دوران شوہر سے الگ رہنے والی بیوی کی طرف سے منگل سوتر نہ پہننے پر سخت ریمارک کرتے ہوئے طلاق کی درخواست منظور کر لی ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ شوہر سے الگ رہنے والی بیوی کا طلاق سے قبل منگل سوتر اتارنا شوہر کے لیے ذہنی ظلم کے مترادف ہے۔

اس ریمارکس کے ساتھ عدالت نے شوہر کی طلاق کی درخواست منظور کرلی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ چنئی کے ایروڈ میں واقع ایک میڈیکل کالج میں پروفیسر کے طور پر کام کرنے والے سی شیوکمار نے مقامی فیملی کورٹ کے حکم کو منسوخ کیے جانے کے خلاف مدراس ہائی کورٹ میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے، جسٹس وی ایم ویلومنی اور ایس، سانتھر کی ڈویژن بنچ نے مشاہدہ کیا کہ جب خاتون سے پوچھا گیا تو اس نے تسلیم کیا کہ اس نے اپنے شوہر سے علیحدگی کے وقت اپنا منگل سوتر اتار دیا تھا۔

درخواست کی سماعت کرنے والی بنچ نے واضح طور پر مشاہدہ کیا کہ "یہ ایک عام فہم بات ہے کہ دنیا کے اس حصے میں شادی کی تقریبات میں منگل سوتر باندھنا ایک ضروری رسم ہے۔ خاتون نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ اس نے منگل سوتر کو نکال کر بینک لاکر میں رکھا تھا۔

"یہ ایک مشہور حقیقت ہے کہ کوئی بھی ہندو شادی شدہ عورت اپنے شوہر کی زندگی کے دوران کسی بھی حالت میں اپنا منگل سوتر خود سے نہیں ہٹائے گی۔"

عدالت نے کہا کہ کسی بھی ہندو عورت کے گلے میں منگل سوتر ایک مقدس چیز ہے جو شادی شدہ زندگی کے تسلسل کی علامت ہے اور شوہر کی موت کے بعد ہی اسے ہٹایا جاتا ہے۔

اس لیے شوہر کے زندہ رہتے ہوئے بیوی کو منگل سوتر سے الگ کرنا ذہنی ظلم کہلاتا ہے کیونکہ ایسا کرنے سے شوہر کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔