کوئلے کی قلت نہیں،بجلی بحران بھی نہیں ہوگا:مرکزی وزیرتوانائی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 10-10-2021
کوئلے کی قلت نہیں،بجلی بحران بھی نہیں ہوگا:مرکزی وزیرتوانائی
کوئلے کی قلت نہیں،بجلی بحران بھی نہیں ہوگا:مرکزی وزیرتوانائی

 

 

نئی دہلی: مرکزی وزیرتوانائی آرکے سنگھ کا کہناہے کہ ملک میں کوئلے کا ذخیرہ ہے اور بجلی کی قلت نہیں ہوگی۔اس سے پہلے کئی ریاستوں کی طرف سے بجلی کی قلت کی بات کہی جاچکی ہے۔

ملک کی کئی ریاستوں میں کوئلے کی قلت کے باعث بجلی کا مسئلہ مزید گہرا ہوگیا ہے۔ ریاستوں میں کوئلے کا بہت کم ذخیرہ رہ گیا ہے۔

ایسی صورتحال میں کوئلے پر مبنی تھرمل پاور پلانٹس کی فراہمی کو یقینی بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ جس کے بعد وزارت بجلی حرکت میں آئی ہے۔

مرکزی وزیر توانائی آر کے سنگھ کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ جاری ہے ، جس میں کوئلے کی قلت سے نمٹنے کے انتظامات پر بات چیت کی گئی۔ دہلی کو بجلی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ،اس سلسلے میں سی ایم کیجریوال نے پی ایم مودی کو خط بھی لکھاہے۔

اب میٹنگ کے بعد وزیر توانائی آر کے سنگھ نے کہا کہ دہلی میں بجلی کا کوئی بحران نہیں ہے۔ ہمارے پاس کوئلے کا بہت بڑا ذخیرہ ہے۔ اس بحران کی غیر ضروری تشہیر کی گئی ہے۔ وزیر توانائی نے کہا کہ ہمیں کوئلے کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہوگا کیونکہ بجلی کی طلب بڑھ رہی ہے۔

ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری کوئلے کے وزیر سے ملاقات ہوئی ہے۔ سنگھ نے کہا کہ ہم روزانہ کوئلے کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم اس کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کہیں بھی بجلی کی پیداوار متاثر نہ ہو۔

ہم نے دو کروڑ 82 لاکھ نئے گھروں کو بجلی فراہم کی ہے۔ معیشت میں تیزی کے ساتھ بجلی کی مانگ بڑھ رہی ہے کیونکہ معیشت پھیل رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی کو بجلی کی مطلوبہ مقدار فراہم کی جا رہی ہے اور یہ جاری رہے گی۔

واضح ہوکہ پرائیویٹ پاور کمپنیوں کے نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کی میٹنگ مرکزی وزیر توانائی آر کے سنگھ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی ہے۔

بی ایس ای بی اور ٹاٹا پاور کے نمائندوں اور وزارت کے حکام نے پاور پلانٹس میں کوئلے کی قلت کے حوالے سے وزیر توانائی کی رہائش گاہ پرمٹینگ میں شرکت کی۔

دوسری طرف دہلی حکومت کے وزیر ستیندر جین نے کہا ہے کہ ریاست میں بجلی گھروں کو کوئلے کی فراہمی کے بحران کا سامنا ہے۔ اگر ایک یا دو دن میں حالات معمول پر نہ آئے تو پھر بلیک آؤٹ کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پنجاب ، راجستھان جیسی ریاستیں اپنے شہروں میں بجلی کاٹ کر سپلائی کو نارمل رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔