نتیش کمار چاہتے تھے کہ جنتادل (سیکولر) کا جنتادل (یو) میں انضمام ہوجائے: دیوے گوڑا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-10-2023
نتیش کمار چاہتے تھے کہ جنتادل (سیکولر) کا جنتادل (یو) میں انضمام ہوجائے: دیوے گوڑا
نتیش کمار چاہتے تھے کہ جنتادل (سیکولر) کا جنتادل (یو) میں انضمام ہوجائے: دیوے گوڑا

 



نئی دہلی: جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ 4 ماہ قبل بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ان سے اپنی پارٹی کو جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) میں ضم کرنے کے لیے کہا تھا۔ اس کے علاوہ اپوزیشن اتحاد انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) میں شامل ہونے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ تاہم دیوے گوڑا نے نتیش کی ان دونوں تجویزوں کو مسترد کر دیا۔

جے ڈی ایس نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد میں لڑے گی۔ سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نتیش کمار ان کے پاس جنتا دل کی تمام سابق جماعتوں کے ساتھ جنتا فریڈم فرنٹ (جے ایف ایف) بنانے کی تجویز لے کر آئے تھے۔ لیکن انہوں نے نتیش کی تجویز کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ وہ جانتے ہیں کہ کانگریس نے انہیں کس طرح دھوکہ دیا ہے۔ اس لیے 91 سال کی عمر میں وہ کوئی تجربہ نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی انہیں کسی قومی عہدے سے کوئی دلچسپی ہے۔

دیوے گوڑا نے کہا، 'نتیش نے اپنی پارٹی کے صدر اور سینئر لیڈروں کو مجھے راضی کرنے کے لیے بھیجا تھا۔ میں نے ان سے کہا کہ اگر آپ آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو آپ دوسری جماعتوں سے رجوع کر سکتے ہیں۔ جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) نے 22 ستمبر کو بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں شمولیت اختیار کی۔

جے ڈی ایس کے سینئر لیڈر اور کرناٹک کے سابق سی ایم ایچ ڈی کمار سوامی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر بی جے پی صدر جے پی نڈا بھی موجود تھے۔ دیوے گوڑا نے یہ بھی بتایا کہ جے ڈی ایس کو انڈیا میں شامل کرنے میں ناکامی کانگریس کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے تھی۔

کانگریس کرناٹک میں جے ڈی ایس کو تباہ کرنے کی سوچ رہی ہے۔ اس لیے کانگریس نے جے ڈی ایس سےانڈیا کے بارے میں بات نہیں کی۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا پر طنز کرتے ہوئے دیوے گوڑا نے کہا کہ کانگریس کے سدارمیا، جنہیں میں سیاست میں لایا تھا، اگر جے ڈی ایس اقتدار میں آتی ہے تو وہ باہر ہو جائیں گے۔ دیوے گوڑا نے کہا- ہم جانتے ہیں کہ اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی حفاظت کیسے کی جاتی ہے۔

میں بلند و بانگ دعوے نہیں کرنا چاہتا لیکن اپنے 60 سالہ سیاسی کیرئیر میں میں نے اسے اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کیا ہے۔ ہم نہ صرف مسلمانوں بلکہ کسی بھی اقلیتی گروہ کو کبھی مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ جے ڈی ایس سربراہ نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹ شیئرنگ بات چیت دسہرہ کے بعد یعنی 24 اکتوبر کو شروع ہونی ہے۔ تاہم میری پارٹی سیکولر رہے گی۔