سری نگر/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ایک خوفناک دہشت گردانہ حملہ ہوا۔ اس حملے کی تحقیقات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کر رہی ہے۔ تفتیش کے دوران این آئی اے کے ذرائع نے ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، دہشت گرد تنظیم ال عمر مجاہدین کے سربراہ مشتاق احمد زرگر کے اس حملے میں ملوث ہونے کے امکانات کی چھان بین ہو رہی ہے۔
اوور گراؤنڈ ورکرز سے پوچھ گچھ کے دوران مشتاق زرگر کا نام سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، زرگر کے حامیوں نے پہلگام حملے میں ملوث اوور گراؤنڈ ورکرز کی مدد کی تھی۔ زرگر کے احکامات پر ان ورکرز نے دہشت گردوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔
مشتاق احمد زرگر کون ہے؟
مشتاق احمد زرگر وہی دہشت گرد ہے جو کاندھار ہائی جیک کیس میں مولانا مسعود اظہر کے ساتھ رہا ہوا تھا۔ اب وہ پاکستان میں بیٹھ کر دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔ سال 2023 میں این آئی اے نے اس کے سری نگر میں موجود گھر کو ضبط کر لیا تھا۔ زرگر کی سری نگر اور جنوبی کشمیر کے علاقوں میں مضبوط گرفت ہے اور وہ پاکستان سے اپنے نیٹ ورک کو کنٹرول کرتا ہے۔
این آئی اے کی کارروائیاں اور تفتیش
پہلگام حملے کے بعد ہندوستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اب تک 100 سے زائد اوور گراؤنڈ ورکرز کے ٹھکانوں پر سرچ آپریشن ہو چکے ہیں اور 90 سے زیادہ کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ این آئی اے اور مقامی انٹیلیجنس ایجنسیاں پہلگام کے اطراف مشکوک مقامات پر خفیہ معلومات اکٹھا کر رہی ہیں۔ کشمیر وادی میں دہشت گرد نیٹ ورک کی کمر توڑنے میں ایجنسیاں پوری طرح سرگرم ہیں۔
کیا تھا کاندھار ہائی جیک کیس؟
یہ واقعہ 24 دسمبر 1999 کا ہے جب بھارت کی فلائٹ آئی سی 814 کو نیپال کے کٹھمنڈو سے دہلی آتے وقت ہائی جیک کر لیا گیا۔ اس جہاز میں 176 مسافر اور 15 کریو ممبرز سوار تھے۔ جہاز کو حرکت المجاہدین نامی پاکستانی دہشت گرد تنظیم کے 5 دہشت گردوں نے ہائی جیک کیا۔ پہلے جہاز کو امرتسر اور لاہور میں روکا گیا، پھر دہشت گردوں نے اسے افغانستان کے کاندھار لے جایا۔ مسافروں کی جان بچانے کے لیے بھارت نے تین دہشت گردوں: مولانا مسعود اظہر، عمر شیخ، اور احمد زرگر کو رہا کر دیا تھا۔ اب انہی میں سے ایک احمد زرگر کا نام پہلگام حملے میں سامنے آیا ہے۔
پہلگام میں دہشت کا منظر
۔22 اپریل کو جب پہلگام میں سیاح چھٹیوں کا لطف لے رہے تھے، دہشت گردوں نے اچانک علاقے کو گھیر لیا۔ لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے اور چھپنے لگے، لیکن دہشت گردوں نے نہتے لوگوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ اس حملے میں 26 افراد جان بحق ہوئے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔ اس ؤواقعے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے ہیں اور واقعے کی گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔