نئی دہلی : دہلی پولیس کی خصوصی سیل نیوز کلک سے وابستہ صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔ جانکاری کے مطابق آج صبح خصوصی سیل کے افسران دہلی کے مختلف علاقوں میں نیوز کلک سے وابستہ لوگوں کے گھر پہنچ گئے۔ فی الحال اس چھاپے کو لے کر دہلی پولیس کی طرف سے کوئی سرکاری بیان نہیں آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صحافیوں ارملیش، انندیو اور ابھیسار شرما کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ صحافی ابھیسار شرما نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ۔۔۔ دہلی پولیس میرے گھر پہنچ گئی ہے، میرا لیپ ٹاپ اور فون چھین لیا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق، پولیس نے سنجے راجورا، بھاشا سنگھ، ارملیش، پربیر پورکایست، ابھیسار شرما، آنندیو چکرورتی اور سہیل ہاشمی کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔ پولیس نے فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیے ہیں۔ ان میں سے کچھ کو تھانے لے جایا گیا ہے۔ تاہم دہلی پولیس نے اس سلسلے میں کوئی معلومات شیئر نہیں کی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی یو اے پی اے کے تحت درج کیس کے حوالے سے کی جارہی ہے۔
چھاپے کی وجہ کیا ہے؟
غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے نیوز کلک کے خلاف ایک تازہ مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ تنظیم چین سے فنڈز حاصل کرنے کے الزامات کے درمیان دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی نظر میں ہے۔ پولیس نیوز کلک کی رہائش گاہوں اور عمارتوں پر بھی چھاپے مار رہی ہے جو اس کے بانیوں/ایڈیٹروں سے منسلک ہیں۔
نیوز کلک کیا ہے اور بحث میں کیوں آئی؟
لوک سبھا میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے کانگریس پر چین سے مدد لینے کا الزام لگایا تھا۔
دہلی پولیس نے یہ کارروائی یو اے پی اے کے تحت کی ہے۔ 5 اگست کو نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا تھا کہ نیوز کلک کو ایک امریکی ارب پتی ناول رائے سنگھم نے مالی اعانت فراہم کی تھی۔ وہ چینی پروپیگنڈے کو فروغ دینے کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر کی تنظیموں کو فنڈ دیتے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نیوز کلک میڈیا انسٹی ٹیوٹ کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ ادارہ چین سے فنڈنگ حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیوز کلک کو غیر ملکی فنڈنگ سے 38 کروڑ روپے ملے ہیں اور یہ رقم کچھ صحافیوں میں تقسیم کی گئی ہے۔