نئے وزراء نےچارج سنبھالا، محنت سے کام کرنے کا عہد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-07-2021
حلف برداری کے بعد
حلف برداری کے بعد

 

 

  نئی دہلی: مودی کابینہ میں توسیع کے بعداب نئے وزرا نے اپنی اپنی وزارتوں کو سنبھال لیا ہے۔ جمعرات کو نئے وزرا نے اپنی اپنی وزارتوں کا دورہ کیا اور اپنے آفس سنبھال لئے ہیں۔اس موقع پر مختلف وزارتوں میں ہلچل رہی۔ ریلوے وزیر اشونی وشنو ، وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر ، وزیر صحت و خاندانی بہبود منسکھ مانڈویہ ، مائیکرو ، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے وزیر نارائن رانے ، وزیر قانون کیرن رجیجو ، وزیر پٹرولیم ہردیپ پوری ، محنت اورروزگار کے وزیر بھوپندر یادو ، وزیر توانائی راجکمار سنگھ ، وزیر سیاحت جی کشن ریڈی اور بدھ کے روز وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے متعدد دیگر وزراء نے جمعرات کو اپنی اپنی وزارتوں کا چارج سنبھال لیا۔

 نئے وزراء کے اپنے اپنے دفاتر پہنچنے پر سینئر عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

 وشنو نے ریلوے وزیرکا چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کو آگے بڑھانے کے لئے کام کریں گے۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سنیت شرما نے دفتر میں ان کا خیرمقدم کیا۔

 ڈاکٹر منجپارہ مہندربھائی نے آج یہاں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت میں وزیر مملکت کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کے علاوہ انھیں وزارت آیوش میں وزیر مملکت کا قلمدان بھی سونپا گیا ہے۔ اس موقع پر وزارت کے سینئر افسران موجود تھے۔

 ڈاکٹر مہندر بھائی پارلیمنٹ کے رکن ہیں اور گجرات کے سریندر نگر حلقہ سے 17 ویں لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔

 وزیر موصوف نے گجرات یونیورسٹی سے جنرل میڈیسن اور علاج معالجے میں ایم ڈی کیا ہے اور اپنے سیاسی کریئر سے قبل ڈاکٹر مہندربھائی گجرات میں کارڈیالوجسٹ اور میڈیسن کے پروفیسر کی حیثیت سے ایک ممتاز کریئر رکھتے تھے

مرکزی وزیر تجارت و صنعت ، صارفین امور اور خوراک شیز عوامی نظام تقسیم جناب پیوش گوئل نے آج، مرکزی وزیر برائے خواتین و چائلڈ ڈویلپمنٹ ، محترمہ سمتری ثوبین ایرانی سے وزارت ٹیکسٹائل کا چارج لیا۔ وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل ، محترمہ درشنا وکرم جاردوش نے بھی آج چارج لیا چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے جناب پیوش گوئل نے یہ موقع دینے کے لئےوزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ جناب گوئل نے اپنی پیش رو محترمہ سمتری ایرانی کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ انہوں نے اپنے دور میں وزارت ٹیکسٹائل میں بہت سارے اچھے کام کیے ہیں اور اس کے نتیجے میں حالیہ برسوں میں اس کی پروفائل میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی چاہتے ہیں کہ یہ شعبہ مضبوط ہو اور معیشت کے لئے اس سے بھی بڑا سہارا بن سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم تجارت اور صنعت نیز ٹیکسٹائل کے شعبوں کے مابین ہم آہنگی کا تصور کرتے ہیں اور شایدیہی وجہ ہے کہ انہیں اس وزارت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ 

جناب گوئل نے کہا کہ ٹیکسٹائلز، روزگار کے لئے ایک بہت بڑا شعبہ ہے لہذا یہ ایک بہت بڑا موقع ہے کہ اس شعبے کے ذریعے حکومت اس شعبے میں ملازمت کرنے والے تمام افراد، خصوصا خواتین کی آمدنی میں ایک بڑا تعاون دینے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات کویقینی بنائیں گے کہ اس شعبے میں مزید بہتری آسکتی ہے اور برآمدات میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ وزیر موصوف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس شعبے میں بڑی ترقی ہوگی۔

 گوئل نے مزید کہا کہ حکومت برانڈ انڈیا اور ہندوستانی ٹیکسٹائل کو فروغ دینا چاہتی ہے ، جو اس سے قبل برانڈ انڈیا کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرچکی ہےاورایک بار پھر کلیدی کردار ادا کرے گی۔ وزیر موصوف نے ، مسز محترمہ ک۔ محترمہ درشانہ وکرم جاردوش کا بھی خیر مقدم کیااور کہا کہ وہ ایک معاون ستون ہوں گی اور اس شعبے کی نمو میں مدد کریں گی۔

 ڈاکٹر وریندر کمار نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے عہدے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ ڈاکٹر وریندر کمار اور سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر مملکت جناب رام داس اتوالے کی موجودگی میں محترمہ پرتیما بھومک اور جناب اے-نارائن سوامی نے بھی سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت میں وزرائے مملکت کی حیثیت سے اپنے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا۔ ان کا خیر مقدم جناب آر سبرامنیم ، سکریٹری ، محکمہ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات (ایم ایس جے ای) اور محترمہ انجلی بھاور ا ، سکریٹری محکمہ برائے معذور افراد کے تفویض اختیارات (ایم ایس جے ای) نے دونوں محکموں کے اعلی افسران کے ساتھ مل کر کیا۔

 دھرمیندر پردھان نے کابینہ کی وزیر کی حیثیت سے مہارت کی فروغ اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت کا چارج سنبھال لیا ہے جبکہ کرناٹک سے راجیہ سبھا کے رکن پالیمان جناب راجیو چندر شیکھر نے مہارت کی فروغ اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت میں وزیر مملکت کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ جناب مہیندر ناتھ پانڈے نے ، جو گزشتہ روز کی کابینہ میں تبدیلی سے قبل مہارت کی فروغ اور انٹرپرینیورشپ کے وزیر تھے، دونوں وزراء کو قلمدان سنبھالنے پر نیک خواہشات کا ا ظہار کیا۔

 دھرمیندر پردھان نے کہا کہ وہ وزارت کی مہارتی کاوشوں کو مستحکم کرنے کے تئیں پر عزم ہیں نیز مستقبل کے کام کے لیے نوجوانوں کو ضروری مہارت فراہم کرنا بھی ان کا نصب العین ہے۔ علاوہ ازیں، وہ مہارت اور روزگار کے درمیان روابط وضع کرنے کے لیے بھی پر عزم ہیں۔ انھوں نے جناب راجیو چندر شیکھر کو وزیر مملکت کا عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ وہ انٹرپرینیورشپ کو ترجیح دینے کے لیے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر امید ہیں اور ہندوستان کو دنیا کی مہارت کی راجدھانی بنانے کے لیے کام کرنے کے تئیں پر امید ہیں۔

 راجیو چندر شیکھر نے کہا کہ انھیں ہنرکی فروغ اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت میں وزیر مملکت کے طور پر خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ وزیر اعظم کے ڈیجیٹل، ہنرمند اور نئے ہندوستان ویژن کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے سخت محنت کریں گے۔

 شری گریراج سنگھ نے مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی اور پنچایت راج کا چارج سنبھال لیا ہے۔ ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بارے میں مطلع کرتے ہوئے ، جناب سنگھ نے، نئی ذمہ داری سونپنے اور اعتماد بحال کرنے پر، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا دلی شکریہ ادا کیا۔ نریندر سنگھ تومر اور دیگر معززین کی موجودگی میں شری سنگھ کا استقبال انکے آفس میں کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے دیہی ترقی سادھوی نرنجن جیوتی بھی موجود تھیں۔

راج کمار سنگھ نے بجلی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت میں کابینہ کے وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ یہ ذمہ داری دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جناب آر کے سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نے بڑے اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم اس ذمہ داری کو پورا کریں گے۔ چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے اپنی مختصر گفتگو میں ، جناب سنگھ نے مزید کہا کہ ہم نے وزیر اعظم کی جانب سے طے کئے گئے پروگرام کے مطابق بجلی کے اہداف حاصل کرلئے ہیں اور یہ یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ بجلی اور توانائی کے شعبے کے فوائد عام آدمی تک پہنچ جائیں۔

 کرشن پال گورجر نے،بجلی اورجدید نیز قابل تجدید توانائی کے کابینہ وزیر جناب آر کے سنگھ کی موجودگی میں آج یہاں بجلی کی وزارت میں وزیر مملکت کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

 ہردیپ سنگھ پوری نے آج کابینی وزیر کی حیثیت سے پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کا چارج سنبھال لیا۔ جناب رامیسورتیلی نے مذکورہ وزارت میں وزیر مملکت کی حیثیت سے چارج لیا۔ اس موقع پر کابینہ میں ردوبدل سے قبل اس وزارت کے انچارج جناب دھرمیندر پردھان بھی موجود تھے۔

مرکزی وزیر جناب نارائن تاتو رانے نے آج چھوٹی ،بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کی وزارت کا چارج سنبھال لیا۔ وہ مہاراشٹر کےسابق وزیر اعلی بھی رہ چکے ہیں اور انہوں نے مہاراشٹرا حکومت میں کابینی وزیر برائے صنعت ، بندرگاہ ، روزگار اور ملازمت کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ وہ 35 سالوں سے مختلف عہدوں کی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں اورمسلسل عوام کی خدمت میں مصروف رہے ہیں۔ پانچ بار لوک سبھا سے ممبر پارلیمنٹ ، جناب بھانو پرتاپ سنگھ ورما نے بھی وزارت میں وزیر مملکت کی حیثیت سے چارج لیا۔ بحیثیت رکن پارلیمنٹ ، وہ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کی فلاح و بہبود سے متعلق کمیٹی کے ممبر تھے۔ سکریٹری ایم ایس ایم ای اور وزارت کے تمام اعلی عہدیداروں نے مرکزی وزرا کا استقبال کیا۔

 کرن رجیجو نے آج قانون وانصاف کی وزارت کے سینئر افسروں کی موجودگی میں قانون و انصاف کی وزیرکی حیثیت سے چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے ساتھ اظہارخیال کرتے ہوئے وزیرموصوف نے کہاکہ قانون و انصاف کے وزیر کی حیثیت سے کام کرنے کی میرے اوپر بڑی ذمہ داری ہے۔ میں عوامی توقعات کو پورا کرنے کو ترجیح دوں گا اور میں ہمیشہ شفافیت کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔

 انوراگ ٹھاکر نے آج اطلاعات ونشریات کے وزیر کے طورپر اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سات سال میں ملک کو آگے بڑھانے کے لئے بے انتہا کوششیں کی ہیں اور اطلاعات ونشریات کے وزیر کے طور پر وہ اس مشن کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔  ٹھاکر نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے جو بھی ذمہ داری مجھے دی جائے گی اس کی تکمیل کی پوری کوشش کروں گا اور آگے بڑھنے کے لئے میڈیا کا تعاون لیتے رہیں گے۔

جل شکتی کے لئے نئے مقرر کردہ وزرائے مملکت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل اور جناب بشویشور ٹوڈو نے آج اپنے عہدوں کا چارج لیا ۔ جل شکتی کےمرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے نئےمقرر کردہ دونوں وزرائے مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔

 ڈاکٹر بھگوت کشن راؤ کراڈ نے آج یہاں خزانے کی وزارت میں وزیر مملکت کی حیثیت سے چارج سنبھال لیا ہے۔ ڈاکٹر کراڈ راجیہ سبھا کے پہلی بار ممبر ہیں۔ عوامی خدمت میں سرگرم ڈاکٹر بھگوت کشن راؤ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ مراٹھواڑہ لیگل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئر مین بھی رہ چکے ہیں۔ 64 سالہ ڈاکٹر کشن راؤ کراڈ پیشے سے ایک ڈاکٹر ہیں۔ ایم بی بی ایس ڈگری کے علاوہ ڈاکٹر کراڈ جنرل سرجری میں ایم ایس ہیں اور ماہر اطفال سرجری میں ایم سی ایچ ہیں اور انہوں نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ اور ممبئی یونیورسٹی سے جنرل سرجری میں ایف سی پی ایس کیا ہے۔

 مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے آج نئی دہلی کے شاستری بھون میں مرکزی وزیر ثقافت کا عہدہ سنبھال لیا۔ اس کے ساتھ ہی محترمہ میناکشی لیکھی اور جناب ارجن رام میگھوال نے بھی وزارت ثقافت میں وزیر مملکت کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھال لیا۔

 اجے بھٹ نے8 جولائی 2021 کو رکشا راجیہ منتری کے طور پر ذمہ داری سنبھالی۔ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انہوں نے رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ سے ساؤتھ بلاک میں واقع ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر افسروں نے جناب اجے بھٹ کا ان کے دفتر میں استقبال کیا۔ ایک ٹوئٹ میں جناب اجے بھٹ نے یہ ذمہ داری سونپنے کے لئے وزیراعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 21 ویں صدی کا ’آتم نربھر بھارت ‘ تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔

 انو پریا پٹیل نے آج یہاں کامرس اور صنعت کی وزارت میں وزیر مملکت کے طور پر ذمہ داری سنبھالی۔ انو پریا پٹیل کو 2014 میں اور پھر 2019 میں مرزا پور کے حلقہ انتخاب سے لوک سبھا کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔ وہ 2016 سے 2019 تک حکومت ہند کی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت میں وزیر مملکت بھی رہی ہیں  بھگونت کھوبہ نے آج یہاں کیمیکلز اور فرٹیلائزرس کی وزارت میں وزیر مملکت کے عہدے کا چارج سنبھالا۔ سکریٹریوں اور وزارت کے اعلی عہدیداروں نے وزیر موصوف کا استقبال کیا۔ ۔