مذہب کوئی بھی ہو، ایشور ایک ہے۔ اندریش کمار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-02-2022
مذہب کوئی بھی ہو، ایشور ایک ہے۔ اندریش کمار
مذہب کوئی بھی ہو، ایشور ایک ہے۔ اندریش کمار

 

 

لکھنو : مذہب کوئی بھی ہو، ایشور ایک ہے، ہم اپنے عقائد کے مطابق اسے جس بھی نام سے پکاریں۔جبکہ پوری دنیا میں ہندوستان واحد ملک ہے جو ہر مذہب، ہر سماج، ہر برادری، ہر مذہب کی پیروی کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہارراشٹریہ سویم سیوک سنگھ لیڈر اندریش کمار نے جمعہ کو لکھنو میں کیا،وہ اتسو بھون میں آر ایس ایس اور عیسائیوں کی روحانی و سماجی شخصیات کی ایک میٹنگ کو خطاب کررہے تھے۔سنگھ نے عیسائیوں کے مذہبی و روحانی پیشواوں کے ساتھ اس میٹنگ میں یہ پیغام دیا کہ ملک کی ترقی، اتحاد، بھائی چارے اور امن کے لیے سب کا بھروسہ اور سب کا ساتھ ہی زندگی کا عزم ہے۔

انڈین کرسچن فورم اور مسلم نیشنل فورم کے سرپرست اندریش کمار نے اتر پردیش کے مختلف مقامات سے آرچ بشپ، بشپ اور مختلف عیسائی تنظیموں کے نمائندوں سے کہا کہ یہ ایک شاندار موقع ہے جب عیسائی معاشرے کے بہت سارے نمائندے ایک ہی مقصد کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر عیسائی تنظیموں نے بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اندریش کمار نے الیکشن کے تناظرمیں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کی حکومتیں عیسائیوں، مسلمانوں اور ہندووں کو لڑایا کرتی تھیں۔ 

پہلے کہیں چرچ ٹوٹا کرتاتھا، کہیں مندر اور کہیں مسجد۔آج ہندوستان ایک نئی راہ پر گامزن ہے جہاں آپس میں نفرت نہیں ہے۔بلکہ مفاہمت اور محبت ہے۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ آج کی حکومت کا مقصد تمام مذاہب کو ایک دوسرے کا احترام اور سب کا اعتماد حاصل کرکے ترقی کرنا ہے۔ اور یہی کامیابی کی کنجی ہے، اسی میں ملک اور سماج دونوں کا فائدہ ہے، خوشامد میں نہیں۔

 اندریش کمار نے مزید کہا کہ ہندوستان میں آزادی کے بعد سے ہی ایک دوسرے کو مذہب کے نام پرلڑایا گیا ہےاور یہ خوف پیدا کیا گیا کہ سنگھ اور بی جے پی سے دور رہیں گے تو زندہ رہیں گے۔لیکن اگر اٹل بہاری واجپائی کے 6 سال اور نریندر مودی کے 7 سال کو جوڑ دیا جائے تو کوئی سمجھ سکتا ہے کہ ہندوستان بدل گیا ہے۔

تبدیلی کے ساتھ ہندوستان کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوچکا ہے۔ یہ ایک ایسا ہندوستان ہے جو ہر مذہب ہر طبقہ کو ایک ساتھ لے چلتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ جب ایودھیا میں مندر اور مسجد کا فیصلہ ہوا تو کسی قسم کا جھگڑا نہیں ہوا۔

اس موقع پر انہوں نے باہمی تفریق، مذہبی تعصب کو چھوڑ کر ملکی ترقی کے لیے آگے آنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی دوسرے مذہب پر حملہ نہیں کرے بلکہ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر مسئلے کا حل تلاش کرے۔  سنگھ لیڈر نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان دنیا کو امن کا راستہ دکھائے گا۔ ہندوستان وشو گرو تھا اور ایک بار پھر وشوا گرو بنے گا۔ کانفرنس میں میتھوڈسٹ، سی این آئی، رومن کیتھولک، دیا کا گھر، جیسس میری چرچ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

awaz

اندریش کمار عیسائی مذہبی و سماجی شخصیات کے اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے


اس پروگرام میں ماہرین تعلیم اوردانشوروں بشمول روما سمارٹ جوزف، بشپ آر سی سیٹھ، ایس کے مل، انوپ سنگھ بشٹ، راجیو جوزف، پوپ اجے مل، ہنری جانسن، آرتھر کوکر، ڈینزل گوڈن اور انڈین کرسچن فورم کے پرتاپ پالا نے شرکت کی تھی۔ ڈاکٹر روما سمارٹ جوزف نے عیسائی معاشرے کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ آج کا عیسائی معاشرہ تعلیم یافتہ ہے اور جانتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں عیسائی معاشرہ مسلسل نئی جہتیں طے کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج کا عیسائی معاشرہ اپنی وفاداری پر قائم ہے اور خوف سے پاک، بدعنوانی سے پاک، استحصال سے پاک معاشرے اور سرودھام سمبھاو کے لیے پرعزم ہے۔

مسلم راشٹریہ منچ کی جانب سے میڈیا انچارج شاہد سعید بھی موجود تھے۔ شاہد سعید نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سنگھ اور عیسائی تنظیموں کے اسی طرح کے بڑے پروگرام اتراکھنڈ، گوا اور منی پور کے ساتھ ساتھ اتر پردیش میں منعقد ہوں گے۔

اس سے قبل نئی دہلی اور حیدرآباد میں بھی سنگھ اور عیسائی سماج کے درمیان زبردست تال میل دیکھنے کو ملاتھا۔ جب ایک بڑے پروگرام میں سنگھ لیڈر اندریش کمار کے ساتھ ساتھ بشپ، آرچ بشپ، کئی ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں نے شرکت کی، جس کا اثر عالمی سطح پر دیکھا گیا۔ شاہد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور پوپ فرانسس کی چند ماہ قبل ملاقات ہوئی تھی۔ جس نے عالمی سطح پر دونوں برادریوں میں قربت کو محسو س کیا تھا۔