شہری افغانستان سے کمرشیل پروازوں کے ذریعے واپس آجائیں: حکومت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-08-2021
افغان ایئرلائنز
افغان ایئرلائنز

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

حکومت ہند نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ افغانستان سے کمرشیل پروازوں کے ذریعے واپس آجائیں۔

افغانستان میں رونما ہونے والے واقعات پر ہندوستان کی جانب سے قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور اُس نے سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔

نئی دلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ کابل کے ہندوستانی مشن کو بھارتی باشندوں کے لیے ایک ایڈوائزری اس ہفتے کے شروع کی میں جاری کی گئی۔

جس میں کہا گیا کہ وہ کمرشیئل پروازوں سے وطن واپس آجائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ باقاعدہ وہاں سے باہر نکالے جانے کا کوئی نظام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کابل میں بھارتی مشن نے افغانستان میں ہندو اور سکھ طبقے کے 383 سے زیادہ ممبروں کی ہندوستان واپسی کی راہ ہموار کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان ان کی وطن واپسی کے لئے تمام ضروری مدد فراہم کرنے کو یقینی بنائے گا۔

مزار شریف میں واقعہ ہندوستانی قونصل خانے نے عارضی اقدام کے طور پر اس ہفتے کے شروع میں بھارت میں رہنے والے سبھی اہلکاروں کو واپس بلا لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر بھرتی کئے گئے اسٹاف کے ساتھ بھارتی قونصل خانہ وہاں لگاتار کام کر رہا ہے۔

طالبان سے تبادلہ خیال کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ ہندوستان تمام فریقوں کے رابطے میں ہے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے باگچی نے کہا کہ بھارت لگاتار امید کر رہا ہے کہ وہاں فوری اور جامع جنگ بندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اورافغانستان میں امن کے سبھی اقدام کی حمایت کرتا ہے اور اہم تشویش اس ملک میں امن اور استحکام ہے۔