ناظرین احمد: دیما ہساو کے سیلاب متاثرین کی آبادکاری لیے پیش پیش

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-06-2022
 ناظرین احمد: دیما ہساو کے سیلاب متاثرین کی آبادکاری لیے پیش پیش
ناظرین احمد: دیما ہساو کے سیلاب متاثرین کی آبادکاری لیے پیش پیش

 


امتیاز احمد/ گوہاٹی

 یہ جوش ہے اوراگر کوئی خدمت کرنے کے لیے پرجوش ہے تو سب کچھ ممکن ہے اور تمام مشکلات کے خلاف ان کے لیے خدمت کرنا آسان ہو جاتاہے۔ یہ میری فطرت ہے کہ میں اگلے دن کچھ بھی کرنے کا انتظار نہیں کر سکتی۔ میں جلد از جلد کام مکمل کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔

ان خیالات کا اظہار جنوبی آسام کے ضلع دیما ہساو کی ڈپٹی کمشنر ناظرین احمد نے کیا ہے۔ ان دنوں وہ اپنے علاقے کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔آسام میں سیلاب کی موجودہ صورت حال سے قبل جو پری مانسون آیا تھا۔ اس میں دیما ہساو ضلع  بہت زیادہ متاثر ہوا۔ وہاں غیر معمولی تباہی ہوئی تھی۔

اس پہاڑی ضلع میں تقریباً تمام بنیادی ڈھانچہ لینڈ سلائیڈنگ اور بارش کے پانی کے بھاری بہاؤ کی وجہ سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔  سڑک اور ریل رابطہ بھی گذشتہ ماہ یعنی مئی2022 کےوسط میں منقطع ہو گیا تھا تاہم بحالی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے اور بہت ساری جگہوں پر کام پورا بھی ہو چکا ہے۔

  تاہم مسلسل بارش اور سیلاب  نے ریاست کے بہت سے پرانے اضلاع میں ایک بار پھر تباہی مچا دی ہے۔ فطرت کی تباہ کاریوں کے درمیان ڈپٹی کمشنر ناظرین احمد نے ضلع میں حالات کو معمول پرلانے کے لیے تمام مشکلات پر قابو پالیا ہے تاکہ لوگوں کو خوراک اور طبی سہولیات کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر ناظرین احمد کئی گھنٹے پیدل چل کر بحالی کے کام کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہی ہیں۔وہ بذات خود اونچے مقامات پر چڑھ جاتی ہیں اور پٹریوں کا بھی معائنہ کر رہی ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد ریلوے ٹریک پر پناہ لیے ہوئے ہے۔ ناظرین احمد ذاتی طور پر مرمت اور بحالی کے کام میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی ضلع میں حالات معمول پر آجائیں گے۔ آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئےناظرین احمد بتایا کہ وہ کسی زمانے میں کرکٹر ہوا کرتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام اب پورا ہونے والا ہے۔ تاہم سیلاب اس علاقے میں بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ تمام سڑکیں بالخصوص ہافلانگ سے سلچر تک قومی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارش سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ بارش کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے۔ بارش کی وجہ سے بحالی کا کام بھی بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے۔

awazthevoice

ناظرین احمد اپنی ٹیم کے ساتھ

ناظرین احمد نے اپنی گفتگو میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا(NHAI) کے ساتھ ساتھ ریاست کے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ(PWD) کی بحالی کے کام میں مستعدی کی بہت زیادہ تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈبلو ڈی اور این ایچ اے آئی دونوں اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ہر چیز کی نگرانی کر رہی ہوں تاکہ انہیں ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ نیز ہمیں ہر قدم پر این سی ہلز خودمختارکونسل کی طرف سے بھی بھرپور تعاون حاصل ہو رہا ہے۔ البتہ موسم کی وجہ سے کام کے تسلسل میں رکاوٹ آجاتا ہے۔

یہ پوچھےجانے پرکہ کیا ریل اور سڑک رابطہ ختم ہونے کی وجہ سے ضلع کو خوراک کے بحران کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا ہرگز نہیں۔ میں آفات کی صورتحال سے نمٹنے کے لیےحکومت آسام کی جانب سے کئے گئےاقدامات کی شکرگزار ہوں۔ جب بھی ہم اشیائے خوردونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ بھیجتے ہیں تو متعلقہ سرکاری ادارے اس قدر تیار ہوتے ہیں کہ بغیر کسی تاخیر کے یہ مواد ہوائی جہاز سے گرایا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس کافی مقدار میں اناج اور دیگرضروری سامان موجود ہے۔ اس پہاڑی ضلع کی آبادی 2.35 لاکھ ہے، جن میں سے زیادہ تر دور دراز علاقوں میں آباد ہیں۔ ناظرین احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سامان کو دور دراز مقامات تک پہنچانے کے لیے ضروری انتظامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاچھرضلع انتظامیہ بھی راحت اور بحالی کی سرگرمیوں میں ان کی مدد کر رہی ہے۔

کئی مقامات پر ریلوے ٹریک سیلاب کی وجہ سے اپنی جگہ سے ہٹ گئے ہیں۔ آس پاس کی پہاڑیوں سے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے نیو ہافلنگ اسٹیشن اور کچھ سرنگیں زیر آب  ہیں۔  این ایف ریلوے نے حال ہی میں کہا تھا کہ ضلع سے ریل لنک کو بحال کرنے میں چند ماہ لگ جائیں گے۔ 

awazthevoice

ریلوے اسٹیشن کی حالت

یہ پوچھے جانے پر کہ بحالی اور بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے ان کے انفرادی اقدام کے پیچھے کیا محرک ہے؟

ناظرین احمد نے کہا کہ یہ جوش ہے۔ اگر خدمت کرنے کا جذبہ ہو تو سب کچھ ممکن ہے۔ تمام مشکلات کا مقابلہ کرنا آسان ہوتا ہے۔ یہ میری فطرت ہے کہ میں اگلے دن کچھ بھی کرنے کا انتظار نہیں کر سکتی۔ میں ان تمام چیزوں کو حل کرنے کی کوشش کرتی ہوں جو میری دسترس میں ہوتا ہے۔  میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کر لیا جائے۔  اس کے علاوہ، جب آپ کو اپنی ٹیم سے تعاون حاصل ہوتا ہے، تو آپ مزید کچھ کرنے کے لیے پرجوش ہوتے ہیں۔

سنہ1992 بیچ کے آسام سول سروسز افسر ناظرین احمد گزشتہ سال نومبر2020سے دیما ہاساو کے ڈپٹی کمشنر ہیں۔  گوہاٹی کی رہنے والی ناظرین احمد پہاڑی ضلع میں ہونے والی تباہی کے بعد اپنے گھر تک نہیں  گئی ہیں۔ وہ ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے زیادہ تردوردراز مقامات کا دورہ کر رہی ہیں۔

وہ اکثرپیدل ہی متاثرہ مقامات پر پہنچ جاتی ہیں۔ انہوں نے دیما ہساو کی ڈپٹی کمشنر بننے کے بعد پہلی بار جو پریس کانفرسن بلائی تھی اس میں انہوں نے صاف طور پر ایک جملہ کہا تھا کہ میں یہاں کام کرنے آئی ہوں۔