ای ڈی نے کیانواب ملک کوگرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-02-2022
 ای ڈی نے کیانواب ملک کوگرفتار
ای ڈی نے کیانواب ملک کوگرفتار

 

 

آواز دی وائس،ممبئی

مہاراشٹر حکومت میں اقلیتی بہبود کے وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ترجمان نواب ملک کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا ہے۔ انہیں پوچھ گچھ کے بعد انڈر ورلڈ سے تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا نام انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر نے لیا تھا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم انہیں صبح 7.45 بجے پوچھ گچھ کے لیے ممبئی کے دفتر لے گئی۔

جانکاری کے مطابق ای ڈی کی ٹیم صبح 5 بجے کرلا کے نور منزل میں ملک کے گھر پہنچی۔ اس کے بعد ٹیم شام 7 بجے ان کے گھر سے نکلی اور 7.45 بجے ای ڈی کے دفتر پہنچی۔ اس دوران سی آر پی ایف کی ایک بڑی ٹیم ان کے ساتھ تھی۔

ای ڈی آفس کے باہر بھی بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ قریبی ٹریفک کا رخ بھی موڑ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس 9 نومبر2021 کو مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے نواب ملک کے انڈر ورلڈ کے ساتھ تعلقات کا سنسنی خیز انکشاف کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ نواب ملک نے داؤد ابراہیم کے گینگ سے زمین خریدی۔ یہ زمینیں ممبئی دھماکے کے ملزموں کی ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ سردار شاہ ولی خان اور حسینہ پارکر کے قریبی ساتھی سلیم پٹیل کے نواب ملک کے ساتھ کاروباری تعلقات تھے۔

ان دونوں نے ممبئی میں ایل بی ایس روڈ پر کروڑوں کی زمین نواب ملک کے رشتہ دار کی ایک کمپنی کو ایک پیسے کی قیمت پر فروخت کی۔ فڑنویس کے مطابق یہ زمین سردار شاہ ولی خان اور سلیم پٹیل نے بیچی تھی۔

نواب ملک بھی کچھ عرصہ اس کمپنی سے وابستہ رہے۔ کرلا میں ایل بی ایس روڈ پر 3 ایکڑ زمین صرف 20-30 لاکھ میں فروخت ہوئی، جب کہ اس کی مارکیٹ قیمت 3.50 کروڑ سے زیادہ تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ نے تمام ثبوت مرکزی ایجنسیوں کو دینے کی بات بھی کی تھی۔

ایسا مانا جا رہا ہے کہ اسی معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے ای ڈی کی ٹیم نے نواب ملک کو پوچھ گچھ کے لیے اٹھایا ہے۔ تاہم ای ڈی کی طرف سے اس پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔