نٹور سنگھ کا گاندھی خاندان پرسخت حملہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-09-2021
نٹور سنگھ
نٹور سنگھ

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

پنجاب میں نوجوت سنگھ سدھو کی سیاست کا اندازہ لگانے میں پارٹی ہائی کمان کی ناکامی نے کانگریس کی اعلیٰ تنظیم میں ہنگامے کو دوبارہ بھڑکادیا ہے۔

کانگریس کے ناراض رہنماؤں کے گروپ جی 23 نے اس ناکامی کے لیے براہ راست قیادت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

گذشتہ روزکانگریس کے سینئرلیڈر کپل سبل کے بعد اب سابق وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے بھی گاندھی خاندان پر حملہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کانگریس کی موجودہ حالت بالکل بھی اچھی نہیں ہے۔ تین لوگ اس کے ذمہ دار ہیں۔ ان میں سے ایک راہل گاندھی ہیں۔ اگرچہ راہل گاندھی کوئی عہدہ نہیں رکھتے ہیں، تاہم وہ تمام معاملات میں فیصلے لیتے ہیں۔

نٹور سنگھ نے کہا کہ راہل گاندھی نے کیپٹن امریندر سنگھ کی جگہ لینے کا فیصلہ لیا ہے ، جو 52 سال کا طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اب نہ تو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوتا ہے اور نہ ہی قومی ایگزیکٹو کبھی بلائی جاتی ہے۔

نٹور سنگھ نے کہا کہ کیپٹن کے بجائے کانگریس نے اس سدھو کو ذمہ داری دی ہے جو کسی بھی وقت کوئی بھی فیصلہ لے لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار سدھو نے راجیہ سبھا سے استعفیٰ دیا تھا اور پھر نائب صدر حامد انصاری سے ملاقات کی اور پوچھا کہ کیا میں انہیں واپس لے سکتا ہوں۔

اس پر حامد انصاری نے کہا تھا کہ اب استعفیٰ واپس نہیں لیا جا سکتا۔

موجودہ صورتحال کے لیے گاندھی خاندان پر حملہ کرتے ہوئے نٹور سنگھ نے کہا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا ، جو آج کانگریس کی حالت ہے۔