'نہارو خان نے نصب کیا پشوپتی ناتھ مندرمیں' مہا گھنٹہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-03-2022
نہارو خان نے لگائی پشوپتی ناتھ مندرمیں گھنٹی
نہارو خان نے لگائی پشوپتی ناتھ مندرمیں گھنٹی

 

 

غلام قادر/ بھوپال

ملک میں کچھ لوگوں کی طرف سے نفرت کے طوفانوں کے درمیان ہندو مسلم بھائی چارہ نہ صرف برقرار ہے، بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالیں آئے روز دیکھنے اور سننے کو ملتی ہیں۔اس کی تازہ مثال ہمیں ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع مندسور کے پشوپتی ناتھ مندر میں دکھائی دیتی ہے، جہاں شہر کے ایک سینئیر مسلمان کاریگر نہارو خان مندر کے اندر گھنٹی نصب کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور اس کام کے عوض انہوں نےکوئی اجرت بھی نہیں لی۔

خیال رہے کہ مندسورکے پشوپتی ناتھ مندرکےاحاطےمیں3700 کلووزنی ایک بڑی گھنٹی لگائی گئی ہے اور اسے نصب کرنے میں نہارو خان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ایسا کہا جاتا ہےکہ ملک کی یہ سب سے بڑی اوروزنی گھنٹی ہے،جسے مسلم کاریگر نہارو خان کی مدد سے نصب کیا گیا ہے۔ 

اس سے پہلے ایم پی کے مندسور میں واقع پشوپتی ناتھ مندر کی بحث حال ہی میں بڑے شیولنگ کے بارے میں ہوئی تھی۔ اب پشوپتی ناتھ مندر میں زیر تعمیر سہستراشیولنگ مندر گھنٹی کے بارے میں بحث ہو رہی ہے۔ اس گھنٹی کا وزن 3700 کلوگرام ہے، اس کی لمبائی 7.5 فٹ ہے جسے بنانے میں تین سال کی مدت لگی ہے۔ یہ گھنٹی ایک شخص تنہا نہیں بجا سکتا ہے۔ جب دو تین افراد شامل ہوتے ہیں توگھنٹی بجتی ہے۔ خیال رہے کہ اس بڑی گھنٹی کا نام مہاگھنٹہ رکھا گیا ہے، جسے احمد آباد میں بنایا گیا ہے۔ اسے دو دن پہلے مندر میں نصب کیا گیا ہے۔

 یہ گھنٹی تانبے اور پیتل سے بنائی گئی ہے۔ مندرانتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کی سب سے وزنی گھنٹی ہے۔ ان کے دعوے کے مطابق یہ ملک کا سب سے وزنی گھنٹہ ہے۔ اس گھنٹی کی آواز پورے شہر میں خاص طور پر تہواروں کے موقع پر سنائی دے گی۔ مندسورکےبعد دوسرا نمبر رتن گڑھ ماتاجی مندر کا آتا ہے، جہاں 1635 کلو وزنی گھنٹی نصب ہے۔ یہ  گھنٹی پورے ضلع میں توجہ کا مرکزبنا ہوا ہے۔  

awazthevoice

3700 کلو وزنی ملک کی سب سے بڑی گھنٹی

اتوار کو کرین کے ذریعے اسٹینڈ پرگھنٹی لگائی گئی ہے۔ اس کے لیے تقریباً 3 میٹر گہرا فاؤنڈیشن کھود کر اسٹینڈ بنایا گیا۔ مسلم کاریگر نہارو خان کے ہاتھ میں مکمل ذمہ داری دی گئی۔ یہاں بہت سے مسلم کاریگرمندرکی تعمیرمیں مصروف ہیں۔ اسے لوہے کے مضبوط زاویہ پر لٹکایا گیا۔ اس کی تنصیب کے بعد مندسور کے ایم ایل اے یشپال سنگھ سسودیا اور کلکٹر گوتم سنگھ موقع کا معائنہ کرنے پہنچے۔ دونوں نےگھنٹی بھی بجتے ہوئے دیکھی۔ گھنٹی بجتے ہی لوگوں نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔

 اس گھنٹی کو تیار کرنے میں تین سال لگے ہیں۔ یہ 13 ماہ قبل مندسور آیا تھا۔ اس کے لیے کئی سماجی تنظیموں نے تین سال سے دورے کیے ہیں۔ اس دوران اس کو بنانے کے لیے لوگوں سے نقدی، پیتل اور تانبا جمع کیا گیا۔ اس کے بعد اسے بنایا گیا۔ مندسور کے کلکٹر گوتم سنگھ نے کہا کہ جب میں نے مندسور کا چارج سنبھالا تو میں نے مندر میں اس گھنٹی کو دیکھا۔ اس کا سائز دیکھ کرایسا لگا کہ یہ نمائش کی چیز ہے۔ میں اسے یہاں نصب کرانے میں خطرہ سمجھ رہا تھا۔ 

اس کے بعد یہاں کے مشہور کاریگرنہارو خان ​​نے کہا کہ آپ مجھے کچھ ضروری چیزیں فراہم کریں، میں 15 دن میں اسے نصب کردوں گا۔ کلکٹر نے انجینئر کو ان کی مدد کرنے کا حکم دیا۔ اس کی تنصیب پر36 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ چھ ماہ تک 10کاریگروں نے محنت کرکے اسے تیار کیا۔ یہ سال 2017 کی بات ہے۔ جب شری کرشنا کام دھینو کے صدر دنیش ناگرایک دن مندر دیکھنے آئے تو انہیں باہر گھنٹی نظر نہیں آئی۔اس کے بعد  انہیں یہ خیال آیا۔ ان کے ذہن میں یہ بات آئی کہ کیوں نہ اس مندر میں دنیا کی سب سے بڑی گھنٹی لگائی جائے۔

awazthevoice

گھنٹی کو نصب کرتے ہوئے نہارو خاں 

اس تنظیم(کرشنا کام دھینو) کےارکان نے21 کوئنٹل گھنٹے لگانے کا منصوبہ بنایا۔ ہر اتوار کو ضلع میں یاترا نکالی جاتی رہی۔ اس کی جانب سے تقریباً 150سے زائد اسفار کئے گئے۔ مختلف دیہی علاقے سےتانبے پیتل جمع  کئے گئے۔ اس کے بعد گجرات کے احمد آباد کی ایک کمپنی کو اسے بنانے کا ٹھیکہ دیا گیا، اسے بنانے کے بعد اسے ایک خصوصی ٹرالی میں رکھ کر گجرات سے مندسور لایا گیا۔ شہر کی سڑکوں پر یہ دیکھ کر لوگ حیرت زدہ تھے۔

گجرات سے آنے کے بعد کافی دنوں تک مندر کے احاطے میں رکھا گیا۔ حادثے کے خدشے کے پیش نظر اسے نہیں لگایا جا رہا تھا۔ بہت سے انجینئر آئے لیکن وہ ایک بڑی گھنٹی لگانے کی ہمت نہ کر سکے۔ جب بڑے ناکام ہوئے تو ایک مسلمان کاریگر نے اسے نصب کرنے کا فیصلہ کیا۔ مندسور کے ڈی ایم گوتم سنگھ نے کہا کہ اس گھنٹی کو نصب کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔

خیال رہے کہ کاریگرنہاروخان ​​نےاس کے لیے کوئی پیسہ نہیں لیا۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے افتتاح کے بعد اس مندر کی گھنٹی کوعام عقیدت مندوں کے حوالے کر دیا جائے گا۔