ناگپور تشدد،اورنگ زیب سے نفرت کا فلم "چھاوا" سے تعلق : فڈنویس

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-03-2025
ناگپور تشدد،اورنگ زیب سے نفرت کا فلم
ناگپور تشدد،اورنگ زیب سے نفرت کا فلم "چھاوا" سے تعلق : وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کا بیان

 



ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ناگپور میں ہونے والا تشدد ایک منظم سازش کا حصہ تھا۔ اسمبلی میں ناگپور کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، پولیس پر حملے کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا، وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل نے مظاہرہ کیا، جس کے بعد یہ افواہ پھیلائی گئی کہ مذہبی مواد کو جلایا گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ تشدد پہلے سے منصوبہ بند تھا، لیکن کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وزیر اعلیٰ فڈنویس نے کہا کہ چھاوا فلم نے لوگوں میں اورنگزیب کے خلاف غصہ بڑھایا ہے، لیکن سب کو ریاست میں امن قائم رکھنا چاہیے۔

پولیس کمشنر رویندر سنگھل نے منگل کو بتایا کہ ناگپور میں ہونے والے تشدد کے سلسلے میں 50 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور 5 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ پیر کی شام وسطی ناگپور میں تشدد بھڑک اٹھا، جس میں پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ اس دوران یہ افواہ پھیلی کہ مغل بادشاہ اورنگزیب کی قبر (جو چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع میں واقع ہے) کو ہٹانے کے مطالبے کے دوران مقدس کتاب کو جلا دیا گیا۔

ناگپور کے انچارج وزیر چندرشیکھر باونکُلے نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ماحول کو خراب کیا گیا اور اپوزیشن سے اپیل کی کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ انہوں نے پولیس کمشنر اور ضلع کلکٹر کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے بعد کہا، گھرے محکمہ کی جانب سے کوئی کوتاہی نہیں ہوئی۔ پولیس ہندو اور مسلم برادریوں کے درمیان ڈھال بن کر کھڑی رہی، جس میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات ابھی بھی کشیدہ ہیں، لیکن پولیس فورس کی مناسب تعیناتی کی وجہ سے شہر میں امن قائم ہے۔

مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم ایکناتھ شندے نے ناگپور تشدد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، ہم ریاست میں اورنگزیب کی حمایت کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا، ناگپور میں جو کچھ ہوا، وہ بدقسمتی ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا یہ ایک منظم سازش تھی یا نہیں۔ ڈی سی پی سطح کے 4 افسران زخمی ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خود اس واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق کئی لوگ باہر سے آئے تھے، پیٹرول بم پھینکے گئے، پولیس پر حملہ کیا گیا، جو افسوسناک ہے۔ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ امن و امان قائم رکھیں۔