ممبئی : 5 جون کو ایودھیا جاؤں گا۔ راج ٹھاکرے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-04-2022
ممبئی : 5 جون کو ایودھیا جاؤں گا۔ راج ٹھاکرے
ممبئی : 5 جون کو ایودھیا جاؤں گا۔ راج ٹھاکرے

 

 

ممبئی : مہاراشٹر نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے اعلان کیا ہے کہ وہ 5 جون کو ایودھیا جائیں گے، جہاں وہ رام للا کے درشن کریں گے۔ راج ٹھاکرے پچھلے کچھ دنوں سے لاؤڈ اسپیکر پر اذان کے خلاف بول رہے ہیں اور اس کے جواب میں ہنومان چالیسہ پڑھنے کی اپیل کر رہے ہیں۔

 پونے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا کہ وہ بھگوان رام کا آشیرواد حاصل کرنے کے لیے اپنی پارٹی کے ساتھیوں کے ساتھ ایودھیا جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایم این ایس سربراہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ یکم مئی کو اورنگ آباد میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ جب ٹھاکرے سے ایودھیا جانے کا مقصد پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے کہیں نہیں گئے، اس لیے وہ ایودھیا جائیں گے۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم این ایس سربراہ نے کہا کہ انہیں آج دو اعلانات کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا- 'یکم مئی کو، میں اورنگ آباد کے سمبھاج نگر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کروں گا۔ 5 جون کو میں ایم این ایس کے رضاکاروں کے ساتھ درشن کے لیے ایودھیا جاؤں گا۔ راج ٹھاکرے سے پہلے شیوسینا کے رہنما اور مہاراشٹر حکومت میں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے ایودھیا جانے کا اعلان کیا ہے۔ آدتیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ مئی کے پہلے ہفتے میں ایودھیا کا دورہ کریں گے۔

پارٹی کے ایم پی سنجے راوت کے مطابق شیو سینا نے پارٹی کی ناسک یونٹ کے ساتھ مل کر آدتیہ کے مجوزہ ایودھیا دورے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ وہیں اپنی پریس کانفرنس کے دوران راج ٹھاکرے نے ایک بار پھر لاؤڈ اسپیکر کو لے کر بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی مذہبی مسئلہ نہیں بلکہ سماجی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 مئی تک مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے جائیں، ورنہ اس کے بعد ایم این ایس مساجد کے سامنے لاؤڈ اسپیکر پر ہنومان چالیسہ چلائے گی۔

ٹھاکرے نے کہا ’’میں تمام ہندو بھائیوں سے تیار رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہم 3 مئی تک انتظار کریں گے، جب رمضان ختم ہو جائے گا، لیکن اگر وہ اسے نہیں روکتے اور اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا مذہب عدالت سے بڑا ہے، تو ہم جو بھی کرنا پڑے گا کریں گے۔