مانسون:مہاراشٹر میں سیلاب، اتراکھنڈ میں ریڈ الرٹ جاری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-07-2022
مانسون:مہاراشٹر میں سیلاب، اتراکھنڈ میں  ریڈ الرٹ جاری
مانسون:مہاراشٹر میں سیلاب، اتراکھنڈ میں ریڈ الرٹ جاری

 


نئی دہلی :  مانسون کی وجہ سے کئی ریاستوں میں شدید بارش کی وجہ سے حالات خراب ہیں۔ تاہم کچھ ریاستوں میں گرمی سے راحت ملی ہے۔ ایسے میں محکمہ موسمیات نے بارش کے درمیان کئی ریاستوں کو لے کر الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جولائی کو دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فرید آباد میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جب کہ 19 اور 20 جولائی کو اتراکھنڈ میں شدید بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

کہاں کہاں موسلا دھار بارش کا امکان

 شدید بارش کے باعث پہاڑوں پر چٹانیں گرنے کی صورتحال دیکھی جارہی ہے۔ بارش کے باعث چٹانیں گرنے کے باعث ہائی وے بند ہونے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان، اتراکھنڈ، گجرات، مہاراشٹر، ہماچل پردیش سمیت کئی ریاستیں موسم کی زد میں ہیں۔ ان ریاستوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ جیسی پہاڑی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اتراکھنڈ میں اگلے چار دنوں تک موسلادھار بارش کی پیشین گوئی

 محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے چار دنوں تک اتراکھنڈ میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔ دہرادون، ادھم سنگھ نگر، ٹہری، پوڑی، نینیتال، چمپاوت اور ہریدوار اضلاع میں الگ تھلگ مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کچھ علاقوں میں بہت تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سیلاب سے نظام زندگی درہم برہم: موسلا دھار بارش کی وجہ سے گجرات میں کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ عام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ ریاست میں تینوں ندیوں - پورنا، کاویری اور امبیکا کا پانی بہہ رہا ہے۔ حالیہ بارشوں سے ریلیف ملنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ ویدر کے مطابق مشرقی اور وسطی مدھیہ پردیش، ساحلی کرناٹک، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، جنوبی کونکن اور گوا، کیرالہ اور تلنگانہ کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔

مہاراشٹر میں ندیاں خطرے کے نشان پر بہہ رہی ہیں: مہاراشٹر کے ودربھ میں شدید بارش کی وجہ سے سیلاب کا پانی کئی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے۔ یہاں تمام دریا خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ مہاراشٹرا کو آئندہ چند دنوں میں کوئی راحت نہیں ملے گی۔

دہلی این سی آر میں جاری گرین الرٹ: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج ملک کی راجدھانی دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فرید آباد میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ایسے میں محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں گرین الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دہلی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔