مودی کا دورہ روس منسوخ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-04-2025
مودی کا دورہ روس منسوخ
مودی کا دورہ روس منسوخ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی کا روس کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کو 9 مئی کو روس کی "وکٹری ڈے پریڈ" میں شرکت کرنی تھی۔ یہ تقریب روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقد ہونی تھی۔ کریملن نے وزیر اعظم مودی کے دورہ منسوخ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یہ دوسری عالمی جنگ میں جرمنی پر روس کی فتح کی 80ویں سالگرہ ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے بتایا کہ اگرچہ وزیر اعظم مودی اس تقریب میں شریک نہیں ہوں گے، لیکن ہندوستان  کی نمائندگی ایک سفارتی نمائندہ کرے گا۔ دیمتری پیسکوف نے یہ واضح نہیں کیا کہ وزیر اعظم کی جگہ کون سا ہندوستانی افسر یا کس سطح کا نمائندہ اس تقریب میں شرکت کرے گا۔ روس نے وزیر اعظم مودی کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دی تھی، اور دہلی میں وزارت خارجہ نے اس دعوت کو قبول کر لیا تھا۔
وکٹری ڈے پریڈ کیا ہے؟
ماسکو میں ہر سال 9 مئی کو "وکٹری ڈے پریڈ" کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ یہ تقریب ریڈ اسکوائر پر منعقد ہوتی ہے۔ روسی مسلح افواج کی یہ پریڈ نہایت اہم سمجھی جاتی ہے، جس میں روسی صدر ولادیمیر پوتن عموماً مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوتے ہیں اور اہم خطاب کرتے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے روس اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ یہ پریڈ دوسری عالمی جنگ میں نازی جرمنی پر روس کی فیصلہ کن فتح کی یاد میں منعقد کی جاتی ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی
۔22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس حملے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ دہشت گردوں نے لوگوں کے نام اور مذہب پوچھ کر انہیں قتل کیا۔ اس حملے کے بعد ملک بھر میں پاکستان کے خلاف غصہ پایا جا رہا ہے، اور پاکستان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ مودی حکومت اب تک پاکستان کے خلاف کئی بڑے فیصلے لے چکی ہے، جن میں سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کرنا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان  نے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات میں بھی کمی کر دی ہے۔