کینیڈا میں خالصتانی ریفرنڈم پر مودی حکومت سخت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-10-2022
کینیڈا میں خالصتانی ریفرنڈم پر مودی حکومت سخت
کینیڈا میں خالصتانی ریفرنڈم پر مودی حکومت سخت

 

 

نئی دہلی :ہندوستانی حکومت کینیڈا میں بڑھتی ہوئی ہند مخالف خالصتانی تحریک کے بارے میں کینیڈین حکومت کو مسلسل خبردار کر رہی ہے، اس کے باوجود یہ تحریک رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔

حال ہی میں خالصتانی انتہا پسندوں نے کئی مندروں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔ اس کے بعد اگلے ماہ کے آغاز میں مجوزہ خالصتانی ریفرنڈم ہے۔ حکومت ہند نے اس پر اعتراض کیا ہے۔ حکومت ہند نے اس سلسلے میں کینیڈا کی حکومت کو خط لکھا ہے، جس میں ریفرنڈم کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کو کہا گیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اگلے ماہ 6 نومبر کو کینیڈا کے اونٹاریو کے شہر برامپٹن میں خالصتانی ریفرنڈم ہونے والا ہے۔ اس حوالے سے ہندوستانی وزارت خارجہ نے کینیڈا کے اعلیٰ حکام کو خط لکھا ہے۔اس میں ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کینیڈا میں ہونے والے اس ریفرنڈم سے ہندوستان کی خودمختاری اور سالمیت کو خطرہ ہے۔

ایسے میں جسٹن ٹروڈیو حکومت کو اسے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔ کینیڈا میں اس طرح کی بڑھتی خالصتانی تحریک کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان تلخی بڑھنے کا قوی امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی کینیڈا میں ہندوستانی سفارت خانہ بھی اگلے ہفتے عالمی امور میں اس ریفرنڈم کا مسئلہ اٹھائے گا۔

اس سے قبل 19 ستمبر2022 کو برامپٹن میں خالصتان ریفرنڈم ہوا تھا۔ اس میں ایک لاکھ سے زائد کینیڈین سکھوں نے حصہ لیا۔ اس کا اہتمام خالصتان کے حامی گروپ سکھ فار جسٹس(SFJ) نے کیا تھا۔ جس کے لیے ہندوستانی حکومت نے کینیڈا کو خبردار بھی کیا تھا لیکن کینیڈین حکومت نے خالصتان ریفرنڈم کو اپنے ملک کے قانونی معیار کے اندر پرامن اور جمہوری قرار دیتے ہوئے روکنے سے انکار کر دیا۔

اہم بات یہ ہے کہایس ایف جے  پر 2019 میں ہندوستان میں پابندی لگا دی گئی تھی۔ کینیڈا میں دس لاکھ سے زیادہ ہندوستانی رہتے ہیں۔ پنجاب کے بعد اگر سب سے زیادہ سکھ کہیں بھی رہتے ہیں تو وہ کینیڈا ہے جہاں کی 15 فیصد آبادی سکھ ہے۔