اقلیتی برادری فیملی پلاننگ کرے۔ ہمنت

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2021
آسام کے وزیراعلی
آسام کے وزیراعلی

 

 

 گوہاٹی : آسام کے وزیر اعلی ہمنت بِسوا سرما نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کو مجموعی ترقی اور غربت کو کم کرنے کے لئے آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے خاندانی منصوبہ بندی کی پالیسی اپنانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی دباو کم کرنے کیلئے ہم اقلیتی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں ، جس سے غربت جیسی سماجی مشکلات کو دور کیا جاسکے ۔ میں فیملی پلاننگ کو پرموٹ کرنے کیلئے سبھی اسٹیک ہولڈرس کے ساتھ مل کر کام کروں گا ۔

 وزیر اعلی سرما نے نئی حکومت کی تشکیل کے ایک ماہ کی مدت پوری ہونے کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی آبادی خصوصا اقلیتی برادریوں کے درمیان وسائل اور جگہ کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں اقلیتی انجمنیں حکومت کو اس برادری میں غربت کو کم کرنے کے لئے تجاویز دیں۔ انہوں نے اقلیتی برادریوں کے اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو آبادی پر قابو پانے پر توجہ دینے کی ترغیب دیں۔

 وزیر اعلی سرما نے یہ بھی کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کی خواتین کو اس مسئلے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے تعلیم دینے کا ہدف بنا رہی ہے۔ وبائی مرض کے درمیان جنگلات اور مندر کی اراضی میں حکومت کے ذریعہ بے دخلی کی مخالفت کا سامنا کرتے ہوئے وزیر اعلی سرما نے کہا کہ حکومت مندر کی زمین اور جنگلات کی زمین کے تجاوزات کے خلاف ہے۔