سری نگر/ آواز دی وائس
پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کو 13 دن گزر چکے ہیں۔ اس حملے میں 26 معصوم شہری جان سے گئے تھے۔ جموں و کشمیر پولیس اور ہندوستانی فوج دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن چلا رہی ہے۔ اسی دوران جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی آج پہلگام پہنچیں۔ محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں کے بعد پہلی بار میں نے امت شاہ سے بات کی۔
محبوبہ مفتی کی امت شاہ سے بات چیت
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان 27 افراد کے لیے تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے اپنی جان گنوائی۔ ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ان دنوں ہمیں نوجوان لڑکوں، لڑکیوں، اور تاجروں کی طرف سے کئی فون کالز آئیں، جنہوں نے بتایا کہ وہ خطرے میں ہیں اور خوفزدہ ہیں۔ اسی لیے کئی سال بعد پہلی بار میں نے امت شاہ سے بات کی اور وہ بہت خوش اخلاقی سے ملے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سخت کارروائیاں روکی جائیں گی۔
زیر حراست افراد کا ذکر
محبوبہ مفتی نے ان افراد کا بھی ذکر کیا جو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ پیغام یہ ہے کہ پہلگام کے لوگ بہت دکھی ہیں۔ وہ پریشان ہیں کیونکہ یہاں سب سے زیادہ پکڑ دھکڑ ہو رہی ہے۔ حالانکہ یہاں کے لوگوں نے حتی المقدور مدد کی، زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، خون کا عطیہ دیا اور جانیں بچائیں۔ اس کے باوجود سب کو اوور گراؤنڈ ورکر یا دہشت گرد سمجھا جا رہا ہے۔ لوگوں کو بلایا جا رہا ہے، قید کیا جا رہا ہے اور شام کو رہا کیا جا رہا ہے۔ پہلگام میں سینکڑوں لوگ اب بھی زیر حراست ہیں۔ دوسرے علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔ میرا ماننا ہے کہ یہ مناسب نہیں ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ جب کشمیری دل سے مدد کرتے ہیں، تو ملک کے لوگوں کو بھی ان پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ پولیس یا فوج کی طرف سے ہونے والی یہ پکڑ دھکڑ بند ہونی چاہیے۔
محبوبہ مفتی کی سیاحوں سے اپیل
محبوبہ مفتی نے آگے کہا کہ میں آج پہلگام اس لیے آئی کیونکہ میں لوگوں کی بات سننا چاہتی تھی۔ میں نے سنا کہ یہاں کے لوگ خوفزدہ ہیں، اور میں اس خوف کو دور کرنا چاہتی ہوں۔ میں یہاں آئے ہوئے سیاحوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ میں انہیں یہ بتانے آئی ہوں کہ کشمیر آپ کا منتظر ہے، خاص طور پر ان یاتریوں کا جو امرناتھ یاترا کے لیے آئیں گے۔ پہلگام میں سیاحوں پر کبھی حملہ نہیں ہوا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پہلگام کے لوگوں نے ہمیشہ سیاحوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا ہے۔ ایک بار جب طوفان آیا تھا، تو نہ صرف پہلگام بلکہ پورے کشمیر کے لوگوں نے یاتریوں کو اپنے گھروں میں پناہ دی تھی۔ یاتری ہمارے مہمان ہیں، وہ پہلے بھی آئے ہیں، انہیں اب بھی آنا چاہیے۔