دیوبند: آچاریہ وشنو ونودم مہاراج کی مولانا ارشد مدنی سے ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-03-2021
مولانا سید ارشد مدنی کے ساتھ آچاریہ وشنو ونودم مہاراج
مولانا سید ارشد مدنی کے ساتھ آچاریہ وشنو ونودم مہاراج

 

 

فیروز خان / دیوبند

پرگتی شیل سماجوادی پارٹی اتراکھنڈ کے ریاستی صدر پنڈت اشونی کمار مدگل ایڈوکیٹ نے رام سینا تنظیم کے صدر آچاریہ وشنو ونودم مہاراج کے ساتھ دیوبند پہنچ کر جمعیتہ علماءہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔

اس موقع پر پنڈت اشونی کمار مدگل ایڈوکیٹ نے بتایا کہ بہت جلد ایک پروگرام قومی مذہبی یکجہتی کے عنوان پر منعقدکیا جا ئے گاجس میں ہندو ،مسلم اور سکھ مذاہب کے مذہبی پیشوا اور رہنما شرکت کریں گے اور وہ قومی سلامتی کا پیغام دیں گے جو اس وقت ملک کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اسی پروگرام کے سلسلہ میں مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات کی گئی ہے ۔اس دوران مولانا سید ارشد مدنی نے قومی یکجہتی کی رسی کو مضبوط کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اس عظیم ملک کے عوام کو اگر امن و سکون کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ہندووں اور مسلمانوں کو قریب لاکر ان میں بھائی چارہ کا جذبہ اور مضبوط کرنا ہوگا ۔

انھوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کتنے ہی ایسے ہندو اور مسلم بادشاہ اور راجہ گزرے ہیں جنھوں نے کسی بھی مذہب اور ذات برادری کی پروا کئے بغیر بھائی چارگی اور انسانیت کو فروغ دیا ہے اور ہندستان کی یہی روح اور یہی ہماری مشترکہ تہذیب ہے۔ مولانا نے کہا کہ یہ ملک ترقی اسی وقت کرسکتا ہے جب دونوں اقوام برادرانہ جذبہ کے تحت ایک دوسرے کا احترام کریں۔