ایک بار پھرمسلم ووٹروں کو رجھانے کے لئے کوشاں مایاوتی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2022
ایک بار پھرمسلم ووٹروں کو رجھانے کے لئے کوشاں مایاوتی
ایک بار پھرمسلم ووٹروں کو رجھانے کے لئے کوشاں مایاوتی

 

 

لکھنو: بی ایس پی سپریمو اور اتر پردیش کی چار بار کی وزیر اعلیٰ مایاوتی نے گزشتہ سال اسمبلی انتخابات سے قبل 7 ستمبر کو برہمنوں کو راغب کرنے کے لیے کئی پروگرام منعقد کیے تھے۔ وہ خود بھی ان پروگراموں میں شریک ہوئی تھیں۔ جب 10 مارچ 2022 کو یوپی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا تو بی ایس پی نے صرف ایک سیٹ جیتی اور پارٹی نے 12.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

اس کے بعد مایاوتی نے بی ایس پی کی شکست کا ذمہ دار مسلمانوں کو قرار دیا جنہوں نے ریاست میں پولرائزیشن کی وجہ سے پارٹی کو تنہا چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی نے اس سے سبق سیکھا ہے اور وہ اپنی حکمت عملی تبدیل کرے گی۔

مایاوتی اور ان کی پارٹی اب تک مسلمانوں سے جڑے مسائل پر 21 بیان دے چکی ہے۔ انتخابات سے پہلے چھ ماہ کے عرصے میں انہوں نے صرف آٹھ بار مسلمانوں سے متعلق مسائل کو اٹھایا۔ بی ایس پی کے ذرائع نے بتایا کہ انتخابات کے فوراً بعد مایاوتی نے سمجھ لیا کہ مسلمانوں نے واقعی پارٹی چھوڑ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی کوشش انہیں پارٹی میں واپس لانے کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی اب زیادہ فعال انداز میں مسلمانوں اور ان سے متعلقہ مسائل کے ساتھ جڑی ہے۔ بی ایس پی کے ترجمان دھرم ویر چودھری نے بتایا کہ پچھلے انتخابات میں مسلمانوں کو گمراہ کیا گیا تھا اور اب وہ اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے بی ایس پی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی ان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے تنظیمی سطح پر کئی کوششیں کر رہی ہے۔ دھرم ویر چودھری نے کہا، ’’اعظم گڑھ ضمنی انتخاب کو دیکھو۔ ایس پی جو خود کو مسلمانوں کی فکر کرنے والی پارٹی بتاتی ہے، نے (ملائم سنگھ یادو) خاندان کے ایک فرد کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ ہم نے ایک مسلم امیدوار کھڑا کیا ہے۔ اگرچہ ہم ہار گئے لیکن ہمیں تقریباً 30 فیصد ووٹ ملے۔ اب مسلمان کہہ رہے ہیں کہ اگر انہوں نے ہمیں زیادہ تعداد میں ووٹ دیا ہوتا تو بی جے پی اعظم گڑھ ہار جاتی۔

۔ 11 مارچ کو یوپی اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد مایاوتی نے کہا کہ مسلمانوں نے بی ایس پی کو چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ واضح ہے کہ اگر مسلم ووٹ دلت ووٹ کے ساتھ اکٹھے ہوتے، جیسا کہ اس نے ٹی ایم سی (مغربی بنگال میں) کے ساتھ اتحاد کیا، جہاں بی جے پی ہار گئی، تو یہاں (یوپی میں) اسی طرح کے نتائج برآمد ہوتے۔ .

مارچ میں شاہ عالم عرف گڈو جمالی کو اعظم گڑھ ضمنی انتخاب کے لیے بی ایس پی امیدوار کے طور پر کھڑا کرتے ہوئے مایاوتی نے دعویٰ کیا تھا کہ جب بھی مسلمان ایس پی کے ساتھ گئے بی جے پی نے الیکشن جیتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب بھی اقلیتی برادری نے بی ایس پی پر اعتماد ظاہر کیا ہے، بی جے پی کو مشکل پیش آئی ہے۔