نئی دہلی/ آواز دی وائس
عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں منیش سسودیا اور ستیندر جین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے والا ہے۔ ان پر دہلی پولیس کی اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) نے کلاس روم کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت کے دورِ اقتدار میں 12,748 کلاس رومز یا عمارتوں کی تعمیر سے متعلق گھوٹالا تقریباً 2,000 کروڑ روپے کا ہے۔
اینٹی کرپشن بیورو کے سربراہ مدھور ورما نے ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا، "سی وی سی (مرکزی نگرانی کمیشن) کے چیف ٹیکنیکل ایگزامنر کی رپورٹ میں اس پروجیکٹ میں کئی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی اور اس رپورٹ کو تقریباً تین سال تک دبا کر رکھا گیا۔ بااختیار اتھارٹی سے پی او سی ایکٹ کی دفعہ 17-اے کے تحت اجازت ملنے کے بعد کیس درج کیا گیا۔
بی جے پی کے ایم پی کی شکایت پر کارروائی
حکام نے بتایا کہ مبینہ طور پر یہ پروجیکٹ عام آدمی پارٹی سے منسلک کچھ ٹھیکیداروں کو دیا گیا تھا۔ اس میں لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور مقررہ مدت میں کام مکمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے ایڈوائزر اور آرکیٹیکٹ کو مناسب طریقہ کار کے بغیر ہی تعینات کر دیا گیا۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے 2019 میں زون 23، 24 اور 28 کے سرکاری اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر میں مالی بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کروائی تھی۔ انہوں نے اپنی شکایت میں الزام لگایا تھا کہ حکومت نے ایک کلاس روم پر 28 لاکھ روپے خرچ کیے، جبکہ حقیقت میں ایک کمرے کی تعمیر پر صرف پانچ لاکھ روپے لاگت آتی ہے۔
کوئی کام وقت پر مکمل نہیں ہوا
ٹینڈر کے مطابق، ایک اسکول کمرے کی تعمیر پر فی کمرہ تقریباً 24.86 لاکھ روپے کی لاگت آئی، جبکہ دہلی میں عموماً ایسا کمرہ پانچ لاکھ روپے میں تیار ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ الزام لگایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ 34 ٹھیکیداروں کو دیا گیا، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق عام آدمی پارٹی سے تھا۔ تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ مالی سال 2015-16 کے لیے فنانس کمیٹی کی میٹنگز میں فیصلہ ہوا تھا کہ اس پروجیکٹ کو منظور شدہ لاگت پر جون 2016 تک مکمل کر لیا جائے گا، اور بعد میں کسی اضافے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم، حکام کے مطابق ان ہدایات کے باوجود طے شدہ وقت میں ایک بھی کام مکمل نہیں ہوا۔