سات ریاستوں میں 14 شادی کرنے والا شخص گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-02-2022
سات ریاستوں میں 14 شادی کرنے والا شخص گرفتار
سات ریاستوں میں 14 شادی کرنے والا شخص گرفتار

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

ہندوستان کی سات ریاستوں میں 14 خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر شادی کرنے والے ایک شخص کو اوڈیشہ میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  ریاست اوڈیشہ کے دارالحکومت بھونیشور سے تعلق رکھنے والے شخص نے 48 برس میں 14 شادیاں کیں۔ اس پر الزام ہے کہ وہ بیویوں کو چھوڑنے سے قبل ان سے رقم لے کر بھاگ جایا کرتا تھا۔

 بھونیشور کے پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش نے بتایا کہ یہ شخص خود کو ڈاکٹر متعارف کرواتا اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین سے شادی کرتا جب کہ پیرا ملٹری فورس میں کام کرنے والی ایک خاتون بھی متاثرہ خواتین میں شامل ہیں۔

پیر کو گرفتار کیے گئے شخص جس کی عمر 60 برس سے اوپر ہے، نے اپنے خلاف الزامات سے انکار کیا ہے۔ ملزم نے پہلی شادی 1982 میں کی تھی جب کہ 2002 میں دوسری شادی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں شادیوں سے ملزم کے پانچ بچے ہیں۔

پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش کا کہنا ہے کہ 2002 اور 2020 کے درمیان اس شخص نے دیگر خواتین کے ساتھ رشتوں کی ویب سائٹس کے ذریعے دوستی کی اور دیگر بیویوں کے بارے میں بتائے بغیر ان سے شادیاں کیں۔

ملزم اپنی آخری بیوی کے ساتھ بھونیشور میں رہ رہا تھا جو دہلی کے ایک اسکول میں پڑھاتی تھیں۔ ملزم کی دیگر شادیوں کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد آخری بیوی نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔

ملزم کو کرائے کے مکان سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس ڈپٹی کمشنر اوم شنکر داش کا کہنا ہے کہ ملزم کا طریقہ کار یہ تھا کہ وہ درمیانی عمر کی خواتین سے شادی کرتا جن میں سے زیادہ تر طلاق یافتہ ہوتیں۔ یہ وہ خواتین تھیں جو دوبارہ شادی کرنا چاہ رہی تھیں اور ان کو چھوڑنے سے پہلے وہ ان سے رقم وصول کرتا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے دہلی، پنجاب، آسام، جھارکھنڈ اور اوڈیشہ سمیت سات ریاستوں میں خواتین کو دھوکہ دیا۔ پہلی دو بیویاں اوڈیشہ سے تھیں۔