اندور/ آواز دی وائس
مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے احکام کے تحت پیٹھم پور کے ایک فضلہ تصفیہ پلانٹ میں بھوپال کے یونین کاربائیڈ فیکٹری کا بچا ہوا 307 ٹن کچرا جلانے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اس کا اندازہ ہے کہ یہ کچرا تقریباً 55 دنوں میں مکمل طور پر جل کر راکھ ہو جائے گا۔ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کے ایک افسر نے منگل کو یہ معلومات فراہم کی۔
یاد رہے کہ 2 اور 3 دسمبر 1984 کی درمیانی رات کو یونین کاربائیڈ فیکٹری سے زہریلی میتھائل آیسوسیانائیٹ گیس کا اخراج ہوا تھا جس کی وجہ سے کم از کم 5479 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ہزاروں افراد معذور ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ دنیا کی سب سے بڑی صنعتی آفات میں شمار کیا جاتا ہے۔
ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کے علاقائی افسر شری نیواس دویدی نے ‘پی ٹی آئی-ایجنسی’ کو بتایا کہ پیٹھم پور میں ایک نجی کمپنی کے زیر انتظام فضلہ تصفیہ پلانٹ میں یونین کاربائیڈ فیکٹری کے بچی ہوئی 307 ٹن فضلہ کے تلف کرنے کا عمل پیر شام تقریباً سات بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے 27 مارچ کو جاری کردہ احکام کے مطابق، یونین کاربائیڈ کے بچی ہوئے کچرے کو مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ اور ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کے ماہرین کی نگرانی میں پیٹھم پور کے پلانٹ میں 270 کلوگرام فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ شرح سے جلایا جا رہا ہے۔
دویدی نے کہا کہ ہمارا اندازہ ہے کہ یونین کاربائیڈ کا پورا کچرا اگلے 50 سے 55 دنوں میں جل کر راکھ ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کچرا جلانے کے دوران پیٹھم پور کے پلانٹ سے مختلف گیسوں اور ذرات کے اخراج پر آن لائن نظام کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
دویدی کے مطابق اس نظام کے ذریعے پارٹیکیولیٹ میٹر، ہائیڈروجن کلورائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ، کاربن مونو آکسائیڈ، ٹوٹل آرگینک کاربن، ہائیڈروجن فلورائیڈ اور نائٹروجن آکسائیڈ کے اخراج پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی، قریبی علاقوں میں فضائی معیار کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچرا جلانے کے آخری مرحلے میں پیٹھم پور کے پلانٹ میں نیا سینسر لگوا کر پہلی بار مرکری کے اخراج کی بھی آن لائن نگرانی کی جا رہی ہے۔ دویدی نے کہا کہ اس پلانٹ میں کچرا جلانے کا عمل مسلسل جاری ہے اور اس وقت تمام اخراجات مقررہ معیار کی حد کے اندر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کچرے کو اس پلانٹ کے بھسمک میں ڈالنے سے پہلے مخصوص مقدار میں ملایا جا کر وزن کرنے کے لیے خودکار مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ دویدی کے مطابق پورا کچرا جلنے کے بعد بچی ہوئی راکھ کو اس طرح محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے گا کہ اس سے ماحول کو نقصان نہ پہنچے۔
ہائی کورٹ کے احکام کے مطابق حکومت کو کچرے کو تلف کرنے کے بارے میں 30 جون تک عدالت میں رپورٹ پیش کرنی ہے۔ یونین کاربائیڈ فیکٹری کے 337 ٹن کچرے کو 2 جنوری کو بھوپال سے تقریباً 250 کلومیٹر دور پیٹھم پور کے پلانٹ میں پہنچایا گیا تھا۔
اس پلانٹ میں تین تجربات کے دوران کل 30 ٹن کچرا جلایا گیا تھا۔ اس کے بعد ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کو تجزیاتی رپورٹ کے حوالے سے بتایا تھا کہ بالترتیب 135 کلوگرام فی گھنٹہ، 180 کلوگرام فی گھنٹہ اور 270 کلوگرام فی گھنٹہ کی شرح پر کیے گئے تینوں تجربات میں اخراجات مخصوص معیار کے اندر پائے گئے۔
ریاستی حکومت کے مطابق یونین کاربائیڈ فیکٹری کے کچرے میں فیکٹری کے علاقے کی مٹی، ری ایکٹر کے باقیات، سیون (کیڑے مار دوا) کے باقیات، نیفٹھال کے باقیات اور "نیم پروسیس" کے باقیات شامل ہیں۔
ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کا کہنا ہے کہ سائنسی ثبوتوں کے مطابق اس کچرے میں سیون اور نیفٹھال کیمیکلز کا اثر اب "تقریباً بے اثر" ہو چکا ہے۔ بورڈ کے مطابق اس وقت اس کچرے میں میتھائل آیسوسیانائیٹ گیس کا کوئی وجود نہیں ہے اور نہ ہی اس میں کوئی ریڈیائی ذرات موجود ہیں۔