کمرشیل ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑااضافہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 01-05-2022
کمرشیل ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑااضافہ
کمرشیل ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑااضافہ

 

 

نئی دہلی: نیا مہینہ شروع ہوتے ہی ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ راحت کی بات ہے کہ اس اضافے کا بوجھ براہ راست عام آدمی کے کچن پر نہیں پڑے گا کیونکہ آج گیس سپلائی کرنے والی کمپنیوں نے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتیں بڑھا ئی ہیں۔

آج ہر سلنڈر کی قیمت میں 102.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ نئے ریٹ کے مطابق اب 19 کلو کے کمرشل سلنڈر کی قیمت 2253 روپے سے بڑھ کر 2355.50 روپے ہو گئی ہے۔ ساتھ ہی پانچ کلو کا ایل پی جی سلنڈر 655 روپے کا ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ اضافہ پچھلے مہینے سے کم ہے۔ یکم اپریل 2020 کو فی سلنڈر کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ کیا گیا۔ ساتھ ہی یکم مارچ کو اس کی قیمت میں 105 روپے کا اضافہ کیا گیا۔ قومی راجدھانی میں 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 949.50 روپے ہے۔ جبکہ کچھ جگہوں پر ایک سلنڈر کی قیمت ایک ہزار روپے تک ہے۔

دریں اثنا، انڈین آئل کارپوریشن، ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن اور بھارت پیٹرولیم کارپوریشن جیسی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اتوار کو اجولا دیوس منانے کے لیے ملک بھر میں 5,000 ایل پی جی پنچایتوں کا اہتمام کر رہی ہیں۔

ان تقریبات میں ایل پی جی کے محفوظ اور پائیدار استعمال کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے علاوہ کمپنیاں صارفین کے اندراج کو بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کریں گی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ مودی حکومت کی وزیر اعظم اجولا یوجنا کے تحت ملک بھر میں گیس سلنڈر جاری کیے جاتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت بی پی ایل کیٹیگری کے ہر خاندان کو مفت ایل پی جی کنکشن دیا جاتا ہے۔