لکشدیپ بی جے پی کے 15 ممبران نے استعفیٰ دے دیا

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-06-2021
سیاسی بھونچال
سیاسی بھونچال

 

 

فلمساز عائشہ سلطانہ کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے بعد لکشدیپ بی جے پی کے 15 ممبران نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ لکشدیپ کے ایڈمنسٹریٹر پرفُل پٹیل کو بائیلوجیکل ہتھیار کہنے کے الزام میں عائشہ سلطانہ کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہونے کے بعد لکشدیپ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تقریباً 15 رہنماؤں اور کارکنوں نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔

لکشدیپ بی جے پی کے صدر کو لکھے گئے استعفیٰ نامہ میں انہوں نے کہا کہ ان کا استعفیٰ اس کیس کے خلاف ہے جہاں عائشہ سلطانہ کو نامزد کیا گیا تھا جنہوں نے ایک چینل پر بحث کے دوران بتایا تھا کہ لکشدیپ میں صفر کووڈ معاملے ہونے کے بعد موجودہ انتظامیہ کی آمد کے ساتھ ہی کووڈ کیسز میں گِھر گیا۔انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کے فیصلوں کو 'غیر سائنسی اور غیر ذمہ دارانہ' بھی قرار دیا تھا۔استعفیٰ نامہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ 'جب لکشدیپ میں آپ سمیت بی جے پی کے کارکنان اور عوام غیر جمہوری اقدامات کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں تو آپ نے عائشہ سلطانہ کے خلاف جھوٹی اور بلاجواز شکایت درج کروائی ہے اور اس کے کنبہ اور اس کے مستقبل کو برباد کررہے ہیں۔

اس سے ہمیں سخت اعتراض ہے اس لیے ہم اپنا استعفیٰ سونپ رہے ہیں۔استعفیٰ دینے والوں میں بی جے پی کے ریاستی سکریٹری عبدالحمید ملیفوزہ بھی شامل ہیں۔