کولکتہ ہوٹل حادثہ: مودی نے مالی مدد کا اعلان کیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-04-2025
کولکتہ ہوٹل حادثہ:  مودی نے  مالی مدد کا اعلان کیا
کولکتہ ہوٹل حادثہ: مودی نے مالی مدد کا اعلان کیا

 



کولکتہ / آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے کولکتہ کے بڑا بازار علاقے کے میچھوا میں واقع کثیر منزلہ ہوٹل "رتوراج" میں منگل کی رات لگنے والی بھیانک آگ اور اس میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس حادثے میں ایک خاتون اور دو بچوں سمیت 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اب تک 8 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے۔ اس سانحے میں 13 افراد جھلس گئے جن میں سے 12 کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں ہر ہلاک شدہ شخص کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہوٹل میں شام تقریباً 7:30 بجے آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ تقریباً 8 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ بدھ کی صبح تک بچاؤ کا کام جاری رہا۔
آگ ہوٹل کی دوسری منزل سے شروع ہوئی اور اوپر کی منزلوں تک پھیل گئی، جس سے ہوٹل کے 42 کمروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے وقت ہوٹل کے 42 کمروں میں 88 افراد مقیم تھے، جب کہ عملے کے افراد کی تعداد 60 تھی۔ اندر دھواں بھر جانے کے باعث ہوٹل ’گیس چیمبر‘ میں تبدیل ہو گیا، جس کی وجہ سے فائر اہلکاروں کے لیے اندر جانا تقریباً ناممکن ہو گیا۔ بعد ازاں کھڑکیاں توڑ کر اندر داخل ہو کر لوگوں کو نکالا گیا۔
یہ ہوٹل مسلم اکثریتی علاقے میں واقع ہے، جہاں پورا فٹ پاتھ تجاوزات سے گھرا ہوا ہے، جس کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو ہوٹل تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ کولکتہ پولیس کمشنر منوج ورما نے بتایا کہ آگ لگنے کے اسباب کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ بدھ کو فرانزک ٹیم جائے وقوعہ کا معائنہ کرے گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آگ کس صورت حال میں لگی اور کیا اس میں کسی کی لاپروائی شامل تھی۔
یہ ہوٹل سنٹرل ایونیو اور ودھان سرنی کو جوڑنے والی ایک تنگ گلی میں واقع ہے، جہاں چاروں طرف دکانیں اور مکانات ہیں۔ آگ کے تیزی سے پھیلنے کا خدشہ تھا، لیکن وقت پر قابو پا لیا گیا۔ کولکتہ کے میئر فراہاد حکیم، پولیس کمشنر منوج ورما اور وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود ششی پانجا بھی پوری رات جائے وقوعہ پر موجود رہے۔
پولیس کے مطابق، ایک شخص آنند پاسوان نے آگ سے بچنے کے لیے ہوٹل کی اونچی منڈیر سے چھلانگ لگا دی۔ انہیں نازک حالت میں میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
کئی لوگ خوف کے مارے ہوٹل کی بالکونی تک پہنچ گئے تھے۔ فائر بریگیڈ نے سیڑھیوں کی مدد سے انہیں بحفاظت نیچے اتارا۔ ہوٹل میں مغربی بنگال کے علاوہ دیگر ریاستوں کے افراد بھی مقیم تھے۔ ہوٹل مالک سے پوچھ گچھ جاری ہے اور یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ ہوٹل میں فائر سیفٹی کے اصولوں پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔