ہماچل اسمبلی کے گیٹ پر خالصتانی جھنڈے سے کھلبلی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 08-05-2022
ہماچل اسمبلی کے گیٹ پر خالصتانی جھنڈے سے کھلبلی
ہماچل اسمبلی کے گیٹ پر خالصتانی جھنڈے سے کھلبلی

 

 

دھرم شالہ: ہماچل پردیش کے دھرم شالہ میں آج اس وقت ہلچل مچ گئی جب اسمبلی کی عمارت کے باہر مین گیٹ اور باؤنڈری وال پر خالصتانی جھنڈے بندھے ہوئے دیکھے گئے۔ ان جھنڈوں پر خالصتان لکھا ہوا تھا۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے فوری طور پر ان جھنڈوں کو موقع پر اتار لیا۔

پولیس نے بتایا کہ یہاں کے مقامی لوگوں نے صبح سویرے اسمبلی کے مرکزی دروازے پر کالے جھنڈے کی اطلاع دی تھی۔ پولیس معاملے کی گہرائی سے تفتیش میں مصروف ہے۔ اس اسمبلی کمپلیکس میں صرف سرمائی اجلاس کی میٹنگیں ہوتی ہیں۔ دھرم شالہ کے تپوون میں واقع اسمبلی کی عمارت کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے۔

اس ویڈیو میں اسمبلی کی عمارت کے باہر مرکزی دروازے پر خالصتانی جھنڈے نظر آ رہے ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں کہ یہ جھنڈے کس نے لگائے۔ دوسری جانب معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایس ڈی ایم شلپی ویکٹا بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اسمبلی کی دیواروں پر بھی خالصتان لکھا ہوا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ جھنڈے یہاں کس نے لگائے ہیں۔ فی الحال پولیس مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے کہ یہ جھنڈے کس نے اور کیوں لگائے؟

 

کانگڑا کے ایس پی خوشال شرما نے بتایا: "یہ آج رات دیر گئے یا صبح سویرے ہوا ہوگا۔ ہم نے اسمبلی گیٹ سے خالصتان کے جھنڈے ہٹا دیے ہیں۔ یہ پنجاب کے کچھ سیاحوں کا کام ہوسکتا ہے۔ ہم مقدمہ درج کرنے جارہے ہیں۔"

 

" 26 اپریل کو جاری کردہ انٹیلی جنس الرٹ میں کہا گیا تھا کہ ایسا کوئی واقعہ ہو سکتا ہے۔ الرٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) کے سربراہ گروپتونت سنگھ پنو نے ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کو ایک خط جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شملہ میں بھنڈرانوالہ اور خالصتان کے جھنڈے لہرائے جائیں گے۔