کیرالہ:قدیم مہادیومندرتک راستے کے لئے مسلمانوں نے دی زمین

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 03-02-2022
کیرالہ:قدیم مہادیومندرتک راستے کے لئے مسلمانوں نے دی زمین
کیرالہ:قدیم مہادیومندرتک راستے کے لئے مسلمانوں نے دی زمین

 

 

ملاپورم: کیرالہ کے ملاپورم میں مذہبی ہم آہنگی کی ایک مثال دیکھنے کو ملی ہے۔ ضلع کے دو مسلم نوجوان 500 سال پرانے ہندو مندر کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔

دراصل اس مندر تک پہنچنے کا کوئی راستہ نہیں تھا اور اس وجہ سے عقیدت مندوں کو مندر جانے میں کافی پریشانی ہوتی تھی۔ لیکن اب سی ایچ ابوبکر حاجی اور ایم عثمان اورکوتلن گڈی پنچایت کے رہنے والے مسلمانوں نے اپنی چار سینٹ زمین پنچایت کو دے دی ہے۔ تاکہ کوتلنگڈی کڈنگوتھ مہادیو مندر کے لیے 60 میٹر لمبی سڑک کی تعمیر کی جاسکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پنچایت اور ایم ایل اے کے فنڈز سے جلد ہی سڑک کی تعمیر کی جائے گی۔ سابق پنچایت ممبر رئوف کوتلنگڈی کا کہنا ہے کہ کئی سماج دشمن عناصر نے مندر تک سڑک نہ ہونے کے معاملے کو لے کر گاؤں میں نفرت پھیلانے کی کوشش بھی کی۔

سوشل میڈیا پر ایک مہم بھی چلائی گئی جس کا مقصد معاشرے میں دراڑ پیدا کرنا تھا۔ لیکن کہا جاتا ہے کہ نفرتوں کو مٹانے کے لیے محبت کے دو قطرے ہی کافی ہوتے ہیں۔ یہاں بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے پنچایت کے عہدیداروں، ریونیو عہدیداروں، مالابار دیواسووم بورڈ کے عہدیداروں اور مکینوں کی ایک میٹنگ مناکڈا کے ایم ایل اے منجلمکوزی علی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔

اس ملاقات کے دوران ابوبکر اور عثمان کے خاندانوں نے باہمی رضامندی سے مندر کی سڑک کی تعمیر کے لیے اپنی زمین کا کچھ حصہ عطیہ کیا۔ کیونکہ ان کے لیے یہ سرزمین آپسی بھائی چارے اور گاؤں کی خوشی اور امن سے زیادہ اہم نہیں ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس مندر کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے اور اس پر تقریباً ایک کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مالابار دیواسووم بورڈ نے مندر کے لیے 10 لاکھ روپے مختص کیے ہیں۔ زمین سے متعلق معاملہ ملاپورم ضلع کلکٹر کے نوٹس میں لایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مندر تک سڑک بنانے کے لیے زمین دینے والوں کے نام سی ایچ ابوبکر حاجی اور ایم عثمان ہیں جنھہوں نے اراضی کی منتقلی سے متعلق رسمی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔ اب جلد ہی مندر تک 10 فٹ چوڑی اور 60 میٹر لمبی سڑک بنائی جائے گی۔

اس کے بعد مقامی لوگوں کے لیے مہادیومندر تک پہنچنے کا راستہ آسان ہو جائے گا۔ حکام کے مطابق مندر تک پہنچنے کے راستے میں کافی جھاڑیاں بھی اُگ چکی تھیں۔ اس اتوار کو بھی گاؤں والوں نے مل کر صفائی کی ہے۔