کیرالہ: مچھلی فروش کی قسمت کا ستارہ چمکا،70 لاکھ کی نکلی لاٹری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-10-2022
کیرالہ: مچھلی فروش کی قسمت کا ستارہ چمکا،70 لاکھ کی نکلی لاٹری
کیرالہ: مچھلی فروش کی قسمت کا ستارہ چمکا،70 لاکھ کی نکلی لاٹری

 

 

کوزی کوڈ: قرض ادا نہ کرنے پر بینک سے ڈیفالٹ کا نوٹس موصول ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی مچھلی فروش کی 70 لاکھ کی لاٹری نکل آئی۔

 قرض کی ادائیگی میں ڈیفالٹ کے لئے بینک سے  نوٹس موصول ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی ریاست  کیرالہ کے ایک مچھلی فروش کو اس وقت  سب سے بڑی خوشی مل گئی جب اس نے ریاستی حکومت کی 70 لاکھ روپے کی اکشے لاٹری جیت لی۔

پوکنجو نامی مچھلی فروش  نے  12 اکتوبر2022 کو اس وقت 70 لاکھ روپے کے پہلے انعام والا  ایک لاٹری ٹکٹ خریدا جب وہ مچھلی لینے جا رہا تھا۔

 جب وہ دوپہر کو گھر واپس آیا تو اسے معلوم ہوا کہ بینک نے اس کے گھر کے حوالے سے اٹیچمنٹ کا نوٹس بھیجا ہے کیونکہ وہ تقریباً  نو لاکھ روپے کے قرض کی رقم واپس کرنے سے قاصر رہا تھا۔

خوش نصیب مچھلی فروش کی بیوی کا کہنا ہے کہ  بینک سے نوٹس ملنے کے بعد وہ  مایوسی کا شکار تھے۔ انہیں نہیں معلوم تھا کہ کیا کرنا ہے۔ اپنی جائیداد بیچنی ہے یا نہیں، لیکن قسمت عین موقع پر مہربان ہوئی اور پہلا انعام نکل آیا۔

پوکنجو کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ  وہ پہلے اپنے تمام قرضے اتاریں گے اور پھر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کے بچوں کو اچھی تعلیم ملے ۔