کیرالہ:راہول گاندھی کے دفتر میں مہاتما گاندھی کی تصویرگرانے والے4 کانگریسی گرفتار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2022
کیرالہ:راہول گاندھی کے دفتر میں مہاتما گاندھی کی تصویرگرانے والے4 کانگریسی گرفتار
کیرالہ:راہول گاندھی کے دفتر میں مہاتما گاندھی کی تصویرگرانے والے4 کانگریسی گرفتار

 

 

وایناڈ: کیرالہ کے وایناڈ میں راہول گاندھی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کے سلسلے میں کانگریس کے چار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں راہل گاندھی کا دفتری معاون بھی شامل ہے۔ درحقیقت، اس سال 24 جون کو سی پی ایم کی طلبہ یونین ایس ایف آئی کے ارکان نے راہل گاندھی کے وایناڈ دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔

ہنگامہ آرائی کے دوران مہاتما گاندھی کی تصویر دفتر کے فرش پر گر گئی۔ دفتر میں توڑ پھوڑ کے واقعہ کے بارے میں کانگریس نے ایس ایف آئی پر الزام لگایا تھا کہ اس نے مہاتما گاندھی کی تصویر کو نقصان پہنچایا ہے۔ ساتھ ہی سی پی ایم ہمیشہ کانگریس کارکنوں پر اس کا الزام لگاتی رہی ہے۔

اب اس واقعہ کے تقریباً دو ماہ بعد مقامی پولیس نے کانگریس پارٹی کے چار کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق گرفتار کانگریس کارکنوں کی شناخت وی نوشاد، کے اے مجیب، ایس آر راہل اور کے آر رتیش کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ رتیش کمار راہل گاندھی کے دفتر کے معاون ہیں۔

 

ریاست کی اپوزیشن پارٹی نے کانگریس کارکنوں کی گرفتاری کو سیاسی محرک قرار دیا ہے۔ راہل گاندھی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کے واقعہ کے بارے میں، ریاست کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے 2 جولائی کو اسمبلی کو بتایا تھا کہ واقعہ کے بعد دفتر میں داخل ہونے والے تمام ایس ایف ای کارکنوں کو موقع پر پہنچی پولیس نے ہٹا دیا ہے۔

 

اس دوران جب ایک پولیس فوٹوگرافر نے جائے واردات کی تصویر کھینچی تو دیوار پر مہاتما گاندھی کی تصویر لٹک رہی تھی۔ سی ایم نے کہا کہ ایس ایف آئی کارکنوں کو وہاں سے ہٹانے کے بعد کانگریس کارکن دفتر کے اندر تھے۔ بعد میں، جب پولیس فوٹوگرافر نے دوبارہ موقع کی تصویر کشی کی تو مہاتما گاندھی کی تصویر تباہ شدہ حالت میں فرش پر پڑی تھی۔ اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے پولیس فوٹوگرافر کے ریکارڈ کیے گئے بیان کا حوالہ دیا۔