یاسین ملک رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-07-2022
 یاسین ملک رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل
یاسین ملک رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی 

کالعدم تنظیم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کو دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔یاسین ملک اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں اور عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

جیل حکام کے مطابق انہیں بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ کے باعث آر ایم ایل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اس سے قبل علیحدگی پسند رہنما یاسین ملک کو دہشت گردی کی فنڈنگ ​​کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

دہلی کی تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا پانے والے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کو رام منوہر لوہیا اسپتال میں  داخل کرایا گیا ہے۔ یاسین ملک نے گزشتہ جمعہ کو تہاڑ جیل مین بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ منگل کو ان کی طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں ایک طبی نگہداشت والے کمرے میں منتقل کیا گیا تھا۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ آج صبح یاسین ملک کا بلڈ پریشرعدم مستحکم ہونے کے بعد انہیں آر ایم ایل اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ یاسین ملک گزشتہ چار سال سے مختلف کیسوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے جیل میں بند ہیں۔

ان کی تنظیم کو حکام نے2017 میں غیر قانونی قرار دیا ہے۔ یاسین ملک کو دو ماہ قبل ایک ٹیرر فنڈنگ کیس میں دلی کی ایک ذیلی عدالت نے عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

یاسین ملک نے اس کیس میں اعتراف جرم کیا تھا اور خود ہی کیس کی پیروی کی تھی۔ حکام ان کے خلاف دیگر دو کیسز میں بھی مقدمہ چلارہے ہیں جن میں 1989 میں اسوقت کے مرکزی وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کا اغوا بھی شامل ہے۔ گزشتہ ہفتے اس کیس میں روبیہ سعید جموں کی سی بی آئی عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ یاسین ملک نے دہلی سے آن لائن ان کے ساتھ جرح کی تھی۔

یاسین ملک جموں و کشمیر کے ان علیحدگی پسندون کے پہلے دستے میں شامل تھے جنہوں نے عسکریت پسندی کا راستہ اکتیار کیا تاہم انہون نے 1994 میں اپنی تنظیم جے کے ایل ایف کو سیاسی محاذ پر سرگرم کیا تھا اور عسکریت کو خیر باد کہا تھا۔ انہوں نے عسکریت چھوڑنے کے بعد کئی وزرائے اعظم سے ملاقات کی جبکہ انہیں حکومت ہند نے بیرون ملک جانے کی بھی اجازت دی تھی۔