کشمیر : سکھ نوجوانوں نے افطار کے ذریعے جیتا مسلمانوں کا دل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2025
کشمیر : سکھ نوجوانوں نے افطار کے ذریعے جیتا مسلمانوں کا دل
کشمیر : سکھ نوجوانوں نے افطار کے ذریعے جیتا مسلمانوں کا دل

 



سری نگر : وسطی کشمیر کے ضلع سری نگر میں سکھ نوجوانوں کے ایک گروپ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران مقامی لوگوں میں پانی کی بوتلیں اور کھجوریں تقسیم کیں۔ یہ اقدام مذہبی اور ثقافتی تفریق سے بالاتر ہو کر انسانیت اور بھائی چارے کی مثال قائم کر رہا ہے۔

کشمیر کے سکھ نوجوانوں نے سری نگر کے سب سے مصروف بازار لال چوک میں کشمیری مسلمانوں کو افطار کے وقت کھانے پینے کی اشیاء فراہم کیں، جو روزے کے اختتام پر افطار کے دوران استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ خدمت سکھ برادری کی انسانی ہمدردی کے جذبے اور خدمت خلق کے اصولوں کو ظاہر کرتی ہے، جسے جموں و کشمیر میں وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔

awaz

سماجی کارکن سائقہ جان نے کہا کہ سکھ نوجوانوں کی جانب سے یہ بے لوث عمل بھائی چارے اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا،سکھ برادری، جو ہمیشہ سے 'سیوا' (بے لوث خدمت) کے اصول پر کاربند رہی ہے، ہر مشکل گھڑی میں آگے بڑھ کر انسانیت کی خدمت کرتی رہی ہے۔

چاہے وہ 2014 کے تباہ کن سیلاب ہوں یا جموں و کشمیر میں کوڈ 19 کی وبا کا چیلنج، سکھ کمیونٹی نے ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد کی ہے۔

ایک طالب علم، عدنان ڈار نے اس اقدام کو رحم دلی اور بھائی چارے کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا، جبکہ دنیا میں کچھ لوگ لوگوں کو تقسیم کرنے میں لگے ہوئے ہیں، کشمیر میں ہم سکھ، ہندو، مسلم، اور عیسائی سب ایک بھائی کی طرح رہتے ہیں۔ ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، چاہے وہ خوشی کا موقع ہو، دکھ کی گھڑی ہو، یا کوئی ہنگامی صورتحال ہو۔

awaz

اس دوران جموں و کشمیر کے سیاسی اور سماجی رہنماؤں سمیت دیگر تنظیموں نے بھی سکھ نوجوانوں کے اس اقدام کو سراہا اور اسے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے امید کی کرن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مثال اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ کشمیر میں مختلف مذاہب کے لوگ بھائی چارے کے ساتھ مل کر رہتے ہیں اور ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔