کرناٹک:مساجد میں آوازناپنےوالی مشینیں نصب ہونے لگیں

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 07-04-2022
کرناٹک:مساجدمیں آوازناپنےوالی مشینیں نصب ہونے لگیں
کرناٹک:مساجدمیں آوازناپنےوالی مشینیں نصب ہونے لگیں

 

 

بنگلورو: مساجد میں لائوڈاسپیکرتنازعہ کی آگ کرناٹک تک پہنچ گئی ہے۔ حجاب وحلال کے بعد اب یہاں لائوڈاسپیکرتنازعہ یہاں ابھر رہا ہے۔ ایم این ایس لیڈر راج ٹھاکرے نے مہاراشٹر میں مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔راج ٹھاکرے کے اس بیان کے بعد مہاراشٹر میں سیاست تیز ہوگئی تھی۔یہ آگ اب کرناٹک تک پہنچ گئی۔

کرناٹک میں ہندو تنظیموں نے مسجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا مطالبہ کیاہے۔ حکومت نے بھی اس کی تائید کی ہےاور کہا ہےکہ قانون کے مطابق کام کیا جائے گا۔ کرناٹک حکومت نے مساجد کو نوٹس جاری کیا جس کے بعد مساجد میں آواز کی پیمائش کرنے والی مشینیں لگانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

کرناٹک میں مساجد کو پولیس کی طرف سے نوٹس موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں کہ وہ اپنے لاؤڈ سپیکر پرمٹ ڈیسیبل کے اندر استعمال کر رہے ہیں۔ صرف بنگلورو میں تقریباً 250 مساجد کو ایسے نوٹس موصول ہوئے ہیں جن کی آواز بلند پائی گئی۔

مساجد انتظامیہ نے مساجد میں ایسے آلات نصب کرنا شروع کردیئے ہیں جو آواز کو اجازت نامہ کی سطح تک برقرار رکھتے ہیں۔ کرناٹک کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پروین سود نے تمام کمشنر آف پولیس، انسپکٹر جنرل آف پولیس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ مذہبی اداروں، پبوں، نائٹ کلبوں اور دیگر اداروں اور تقریبات میں شور کی آلودگی کے اصولوں کی خلاف ورزی کی تحقیقات کریں۔

منگل کے روز کچھ تنظیموں نے مختلف پولیس حکام کو میمورنڈم جمع کر کے مساجد کے لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی۔ ان کا الزام ہے کہ اسپتالوں، اہم سرکاری دفاتر، اسکولوں اور کالجوں جیسے خاموش زون میں بھی ایسا نہیں ہورہا ہے۔

تنظیموں نے الزام لگایا کہ مساجد میں لاؤڈ سپیکر صبح کی نیند میں خلل ڈالتے ہیں جس سے طلباء، مریضوں، بزرگوں اور رات کو کام کرنے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شکایت کے بعد پولیس نے صرف مساجد میں ہی نہیں ہر جگہ لاؤڈ سپیکر چلانے پر پابندی لگا دی ہے۔