کرناٹک:231طالبات نے حجاب کے بغیر امتحان میں شرکت سےکیاانکار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2022
کرناٹک:231طالبات نے حجاب کے بغیر امتحان میں شرکت سےکیاانکار
کرناٹک:231طالبات نے حجاب کے بغیر امتحان میں شرکت سےکیاانکار

 

 

بنگلور: کرناٹک ہائی کورٹ کی جانب سے ریاست کے اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پہن کر داخلہ لینے کی درخواست کے اخراج کے بعد بھی یہ تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ ترین معاملہ ریاست کے اپننگڈی سے سامنے آیا ہے جہاں231 مسلم طالبات نے حجاب کے بغیر امتحان میں شرکت سے انکار کر دیا۔

یہاں کے گورنمنٹ پی یو کالج کے کیمپس میں طالبات نے مظاہرہ بھی کیا۔ کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرنا لازمی ہے۔

اطلاعات کے مطابق کرناٹک کے اپننگڈی میں واقع گورنمنٹ پی یو کالج کی طالبات نے جمعہ کو کالج انتظامیہ کو مطلع کیا تھا کہ وہ حجاب کے بغیر امتحان میں نہیں بیٹھ سکتیں۔

تاہم کالج انتظامیہ نے ہائی کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے طالبات کو حجاب کے ساتھ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی۔

اس کے بعد طالبات اور لڑکیوں کی بڑی تعداد نے کالج کے احاطے میں احتجاج شروع کر دیا۔

واضح ہوکہ 15 مارچ 2022 کو کرناٹک ہائی کورٹ نے لڑکیوں کی جانب سے حجاب پہن کر اسکول کالج میں جانے کی درخواست کو خارج کر دیا تھا۔

ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ حجاب مذہب کا لازمی حصہ نہیں ہے۔ سکول یونیفارم کے حوالے سے مجبوری ایک مناسب انتظام ہے اور طالب علم یا طالبات اس سے انکار نہیں کر سکتے۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ اسلام میں حجاب پہننا لازمی نہیں ہے۔